لاہور سمیت مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش، بوندا بوندی، پہاڑوں پر برفباری

بدھ 14 جنوری 2015 10:48

لاہور سمیت مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش، بوندا بوندی، پہاڑوں پر ..

لاہور/ گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جنوری2015ء) لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش ، بوندا باندی ، پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ، محکمہ موسمیات نے جمعے تک ملک کے اکثر بالائی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ملک کے مختلف شہروں میں خشک سردی کے بعد موسم سرما کی پہلی بارش نے رت ہی بدل دی ۔

ملکہ کوہسار مری میں گزشتہ روز برفباری نے ہر منظر سفید کر دیا ۔ ٹھنڈے ٹھار موسم سے ہر چہرہ کھلا نظر آیا ۔ منچلوں کی ٹولیاں بدلتے موسم کا لطف اٹھاتی رہیں ۔ لاہور میں گزشتہ روز سے شروع ہونے والی کن من کبھی رم جھم اور کبھی ہلکی پھوار میں بدلتی رہی ۔ یخ بستہ ہواؤں کے ساتھ برستے مینہ کا سلسلہ رات گئے وقفے وقفے سے جاری ہے ۔

(جاری ہے)

دھند کے بادل غائب اور ہر منظر نکھرا نکھرا ہے ۔

ٹیکسلا ، سرگودھا ، گجرات، ملتان ، بہاولپور اور دیگر شہروں میں بھی بادل بر سے ۔ دیر میں سب سے زیادہ تئیس ملی میٹر چترال میں انیس ، دروش میں پندرہ ، فیصل آباد میں چار اور سیالکوٹ میں دو ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ اسلام آباد سمیت بالائی اور وسطی پنجاب ، بالائی خیبر پختونخوا ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بادلوں نے بسیرا کر رکھا ہے ۔

آئندہ 24 گھنٹے کے دوران بالائی اور وسطی پنجاب میں راولپنڈی ، سرگودھا ، گوجرانوالہ ، لاہور ، ساہیوال اور فیصل آباد ڈویژن ، مالاکنڈ ، ہزارہ ڈویژن ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے ۔ موسم کا حال بتانے والے پنڈتوں نے پیش گوئی کی ہے کہ اسی دوران مری ، گلیات ، پاراچنار ، مالاکنڈ ڈویژن ، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑوں پر برفباری بھی متوقع ہے۔

متعلقہ عنوان :