بھارتی حکومت نے کشمیری طالب علموں کے وظائف روک دیئے

جمعہ 23 جنوری 2015 17:14

سرینگر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 جنوری 2015ء)بھارت کی انسانی وسائل کی ترقی کی وزارت نے آل انڈیا کونسل فار ٹیکنیکل ایجوکیشن کی طرف سے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں کشمیری طالب علموں کو دیئے گئے تمام وظائف روک دیئے ہیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی وزارت کے اس اقدام سے 210کشمیری طالب علموں کا مستقبل خطرے میں پڑ گیا ہے جو علی گڑھ یونیورسٹی میں مختلف شعبوں میں زیر تعلیم ہیں۔

یونیورسٹی میں بی ایس ای میتھیمیٹکس میں کے فائنل ائیر کے طالب علم سلیم جہانگر نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ انہیں اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے 2012-13میں سکالر شپ دیا گیا تھا ۔انہوں نے بتایا کہ بھارتی حکومت انکے تعلیمی اخراجات کیلئے رقم اکتوبر میں جاری کرتی تھی تاہم رواں سال چارماہ گزرنے کے بعد بھی انہیں وظیفے کی رقم نہیں دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ایک اور طالب علم شیخ عمر نے جو بی ایس ای بائیو کیمسٹری کر رہے ہیں بتایاکہ کشمیری طالبعلموں کا تعلق غریب گھرانوں سے ہے اور وظائف کی عدم فراہمی کی وجہ سے انکے اپنی تعلیم جاری رکھنا مشکل ہو گیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ وظائف نہ ملنے کی وجہ سے انکے والدین پر اضافی بوجھ پڑگیا ہے ۔ انہوں نے مذید کہاکہ یونیورسٹی میں زیر تعلیم طلباء کے فائنل امتحانات مارچ میں ہوں گے اور اگر وظیفے کی رقم جاری نہ کی گئی تو وہ ڈگری حاصل کرنے کے حق سے محروم ہوجائیں گے