جموں و کشمیر میں آبادی کا تناسب بگاڑنے کی سازش کو ہر صورت ناکام بنائینگے، پیپلز فریڈم لیگ

بدھ 4 فروری 2015 16:26

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 04فروی 2015ء)جموں و کشمیر پیپلز فریڈم لیگ نے غیر کشمیریوں کو مقبوضہ علاقے میں مستقل طور پر بسانے اور انہیں شہریت دینے بارے بھارت نوازپی ڈی پی کے لیڈر مظفر حسین بیگ کے حالیہ بیان پر شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے ۔

(جاری ہے)

پیپلز فریڈم لیگ کے چیف آرگنا ئزر محمد الطاف خان نے ایک بیان میں مظفر بیگ کے بیان کو انتہا پسند ہندو تنظیم آر ایس ایس کے ایجنڈے کی ایک کڑی قرار دیا جس کے رو سے بھارت جموں وکشمیرکی خصوصی حیثیت اورکشمیر میں آبادی کے تناسب کو بگاڑنے کی سازش کر رہا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ بھارت ایک منصوبہ بند سازش کے تحت غیر کشمیریوں کو مقبوضہ علاقے کی مستقل شہریت دے کر جموں وکشمیر میں آبادی کا تناسب بگاڑنا چاہتا ہے تاکہ مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کیا جاسکے ۔انہوں نے کہاکہ ان مذموم عزائم میں کشمیر کے بھارت نواز سیاست دان جو اپنے ذاتی مفاد کیلئے کچھ بھی کرنے کیلئے تیار ہیں اس کا ساتھ دے رہے ہیں۔ جموں کشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیف آرگنائزر نے کہا کہ ایسے ناپاک منصوبوں کے خلاف ہرممکن مذاحمت کی جائیگی ۔