مشن کی تکمیل کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ، عبد الماجد خان

پیر 9 فروری 2015 17:00

مظفرآباد( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09فروی 2015ء) آزاد کشمیر کے وزیر بحالیات عبد الماجد خان نے کہا ہے کہ تحریک آزاد ی کشمیر کے لیے اپنی جانون کا نذرانہ دینے والے شہداء کو سلام پیش کرتا ہوں ۔ ان کشمیری شہداء جنہوں نے تحریک آزادی کی شمع کو روشن کیا ۔ ان کے مشن کی تکمیل کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہیں ۔

حکومت آزاد کشمیر ، مقبوضہ کشمیر کے عوام کی سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی ۔ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کے مسئلہ کشمیر پر دو ٹوک موقف پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ اور اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کے لئے اپنی بھر پورکر دار ادا کرتا رہے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار وزیر بحالیات نے جموں وکشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام محمد افضل گروو شہید اور مقبول بٹ شہید کی برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

برسی کی تقریب سے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنما محمود احمد ساغر ، الطاف سلیم وانی ، میڈیا ایڈوائز ز شوکت جاوید میر ، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن سردار مبارک حیدر ،اصغر رسول ، مشتاق الاسلام ، مفتی مسعود عباسی ،عزیر غزالی ، مولانا محمد الیاس ، مسلم لیگ ن کے نائب صدر چوہدری منظور احمد ، بشارت نوری ، پرویز شاہ ، راجہ سعد اقبال ، ڈائریکٹر لبریشن سیل راجہ سجاد، راجہ اسلم ودیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔

جبکہ اس موقع پر سیا سی وسماجی رہنماؤں ، مہاجرین اور سول سوسائٹی کی ایک کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔ برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالماجد خان نے کہا کہ دنیا کی بدلتی ہوئی صورتحال میں ہمیں اتفاق و اتحاد کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ہم افواج پاکستان کو سلام پیش کرتے ہیں جو دونوں اطراف وطن کا دفاع کر رہی ہے ۔ او رقربانیاں دے رہی ہے ۔

وزیر بحالیات نے کہا کہ ہندوستان اب زیادہ دیر تک مقبوضہ کشمیر پر اپنا غیر قانونی تسلط قائم نہیں رکھ سکتا ۔ ہندوستان کا اصل چہرہ اب دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کی شنمولیت کے بغیر مسئلہ کشمیر کا کوئی بھی حل پائیدار نہیں ہو سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ خطہ کے امن کے لئے مسئلہ کشمیر کا حل ہونا ضروری ہے ۔ عبدالماجد خان نے کہا کہ طاقت کے ذریعے کسی بھی تحریک کو دبایا نہیں جاسکتا ۔

جو تحریک ایک دل سے اٹھتی ہیں اورجو ضمیر کا حصہ ہوتی ہیں ان کو کسی بھی صورت دبایا نہیں جاسکتا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میڈیا ایڈوائز شوکت جاوید میر نے کہا کہ اس موقع پر محمد افضل گورو شہید اور مقبول بٹ شہید کو خراج عقیدت اور سلام پیش کرتا ہوں اور عزم کرتے ہیں کہ جو مشعل ان شہیداء نے بلند کی اور حق و صداقت کی شمع لے کر آگے بڑھے ہم ان کے مشن کی تکمیل کے لئے آگے بڑھتے رہیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر ی صرف آزادی چاہتے ہیں اور ان کا کوئی جھگڑا نہیں ۔شوکت جاوید میر نے کہا کہ مسئل کشمیر ہماری زندگی اور موت کا مسئلہ ہے ۔ تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے حکومت آزادکشمیر اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے آر پار کی قیادت کو ایک جگہ اگھٹا کر کے ثابت کر دیا ہے کہ پیپلزپارٹی کی حکومت مسئلہ کشمیر پر اپنا دوٹوک موقف رکھتی ہے اور تحریک آزادی کے لئے کوئی دقیقہ فردگزاشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کوئی زمینی تنازعہ نہیں ہے یہ صرف ایک جمہوری مسئلہ ہے اور حق خودارادیت کا مسئلہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان خودمسئلہ کشمیر کواقوام متحدہ میں لے کر گیا اور آج تک اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد سے ہچکچا رہا ہے ۔ آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید افضل گورو اور مقبول بٹ شہیدایک ایسی شمع تھے جس سے مقبوضہ کشمیر میں لاکھوں شمع روشن ہوئیں ۔

ان مقبوضہ کشمیر کے شہیداء کی وجہ سے تحریک آزادی میں نئی روح پھونک دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ہندوستان کو مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کا حق حق خودارادیت دلانے کیلئے اپنا کر دار ادا کرے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی تحریک آزادی اقوام متحدہ کے چارٹر کے عین مطابق ہے اور ہندوستان کو ہر حال میں کشمیریوں کی رائے کا احترام کرنا ہوگا۔