قومی ایکشن پلان کے تحت مظفرآباد میں ناجائز اسلحہ فروخت اور تیار کرنے والی فیکٹریوں اور کارخانوں کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع

منگل 10 فروری 2015 17:14

مظفرآباد( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10فروی 2015ء) قومی ایکشن پلان کے تحت دارالحکومت مظفرآباد میں ناجائز اسلحہ فروخت اور تیار کرنے والی فیکٹریوں اور کارخانوں کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے دارالحکومت میں اسلحہ فیکٹریوں پر مشترکہ چھاپوں کے دوران ناجائز اور ممنوعہ بور کے اسلحہ کی بھاری مقدار ضبط کر کے 2افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

اور 2فیکٹریاں سیل کر دی ہیں۔گزشتہ روز ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے مشترکہ آپریشن کے دوران 2اسلحہ فیکٹریوں سے 6پمپ ایکشن،34رائفلز،8پستول،اور 2ہزار 35کارتوس اور راؤنْڈز برآمد کئے گئے ہیں۔ایس ایچ او تھانہ صدر راشد حبیب مسعودی نے میڈیا کو بتایا ہے کہ گزشتہ روز تھانہ صدر کی حدود میں چہلہ بانڈی کے مقام پر اسسٹنٹ کمشنر مظفرآباد عاصم خالد اعوان،ڈی ایس پی سٹی ظفر علی اعوان اور تھانہ صدر کی پولیس ٹیم نے 2اسلحہ فیکٹریوں پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران بھاری اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ اسلحہ لائسنس کے بغیر فروخت کیا جا رہا تھا ۔چھاپہ مار کارروائی کے دوران 2مالکان عزیز عباسی ولد گل حسن اور عمران آفریدی ولد ارباب خان کو گرفتار کر لیا ہے۔اور دونوں فیکٹریاں سیل کر دی گئی ہیں۔ کارروائی کے دوران حسن ایند کو سے ممنوعہ بور کی 28رائفلز 3پستول،88راؤنڈز برآمد ہوئے ہیں۔جبکہ پاکستان اسلحہ فیکٹری سے ممنوعہ بور کی 6رائفلز،6پمپ ایکشن،5پستول،612کارتوس،اور 1335راؤنڈز برآمد کئے گئے ہیں۔

پولیس نے دونوں اسلحہ فیکٹریوں کے مالکان کو گرفتار کر کے ایف آئی آر درج کر لی ہے۔اور تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔شہر بھر میں قائم اسلحہ فیکٹریوں پر چھاپوں کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔دریں اثناء اسسٹنٹ کمشنر عاصم خالد اعوان اور ڈی ایس پی سٹی ظفر علی اعوان نے کہا ہے کہ قومی ایکشن پلان کے تحت امن وامان کے قیام کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہین۔ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔شہر میں امن و امان کے قیام پولیس اور انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔قومی ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل درآمد کے لئے شہری انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔عوام کے تعاون کے بغیر انتظامیہ اور پولیس مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کر سکتے۔

متعلقہ عنوان :