نیشنل کانفرنس ،پی ڈی پی کشمیریوں کے مفادات پر سمجھوتہ،کشمیر کاز کونقصان پہنچانے کی یکساں ذمہ دار ہیں۔۔۔انجینئر رشید

پیر 23 فروری 2015 15:07

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23فروی 2015ء) مقبوضہ کشمیرمیں عوامی اتحاد پارٹی کے صدر اورنام نہاد اسمبلی کے آزاد رکن انجینئر رشید نے بھارت نواز نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی دونوں شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ دونوں جماعتیں کشمیریوں کے مفادات پر سمجھوتہ کرنے اور کشمیر کاز کو زبردست نقصان پہنچانے کی یکساں طورپر ذمہ دار ہیں۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق انجینئر رشید نے ان خیالات کا اظہار پی ڈی پی کے اس حالیہ بیان کہ نیشنل کانفرنس نے سودا بازی کیلئے کچھ باقی نہیں چھوڑا بلکہ شیخ محمد عبداللہ نے حصول اقتدارکیلئے اٹانومی کو ختم کرکے جموں وکشمیر کے اختیارات بھارتی صدر کو منتقل کر دئے ہیں،پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا ہے کہ دونوں پارٹیاں اگرچہ ایک دوسرے پر کشمیریوں کے مفادات کا سودا کرنے کے الزامات تو لگا رہی ہیں لیکن سچ یہ ہے کہ انہوں نے کشمیریوں کے مفادات کا دفاع کرنے کی بجائے انہیں نقصان پہنچاکر کشمیریوں کو مایوس کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے”پی ڈی پی نے اٹانومی کو کمزور کرنے کا جو الزام نیشنل کانفرنس پر لگایا ہے وہ با لکل درست ہے لیکن یہ بات بھی اتنی ہی سچ ہے کہ اندرہ -شیخ عبداللہ سمجھوتہ کے وقت پی ڈی پی کے سربراہ مفتی محمد سعید کانگریس کے پالیسی سازوں میں شامل تھے“۔ انجینئر رشید نے شیخ محمد عبداللہ کے ساتھ ساتھ مفتی محمد سعید کوبھی جموں و کشمیر کی اٹانومی پر حملوں میں برابر کا شریک قرار دیتے ہوئے کہا ہے اگر مفتی سعید کا ضمیر زندہ تھا تو پھر انہوں نے اندرہ ۔

شیخ عبداللہ کئے درمیان معاہدے کے وقت ہی کانگرس سے استعفیٰ کیوں نہیں دیا تھا۔انہوں نے کہا ہے کہ در حقیقت نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کشمیریوں کے مفادات کا سودا کرنے اور انہیں تباہی کی طرف دھکیلنے کے جرم میں برابر کی شریک ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ پی ڈی پی کانگرس کی پیداوار ہے اور ابھی ماضیٴ قریب تک یہ پارٹی کانگرس کی ایک شاخ کی تھی لہٰذا اس پر جموں و کشمیر کے آئین کی شکست و ریخت کی پوری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

بی جے پی کے ساتھ پی ڈی پی کے اتحاد کو خود پی ڈی پی کے اصولوں اور بنیادوں کیخلاف قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی نے سیلف رول کا وہ نعرہ تک بھلا دیا ہے کہ جسے لیکر یہ پارٹی کشمیریوں کو سبز باغ دکھاتی رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر نیشنل کانفرنس اقتدار کیلئے کشمیریوں کے ساتھ دھوکہ کر سکتی ہے تو پی ڈی پی نے بھی ثابت کر دیا ہے کہ وہ بھی عشق اقتدار میں کسی بھی حد تک جا سکتی ہے۔