ہمارے حکومتی کرپٹ نظام کی وجہ سے لقمہ حلال کا حصول مشکل ہو چکا ہے‘نعمان اکرم جرال

جمعرات 12 مارچ 2015 15:04

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مارچ۔2015ء ) جماعت اسلامی میرپور کے امیدوار انجینئر نعمان اکرم جرال نے علامہ قبال روڈمیں شاپ ٹو شاپ انتخابی مہم میں تاجروں سے ملاقاتوں میں تاجروں کی ملکی معیشت میں کردار کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے حکومتی کرپٹ نظام کی وجہ سے لقمہ حلال کا حصول مشکل ہو چکا ہے۔ آئے دن لگائے جانے والے ٹیکسوں نے تاجروں کو بے حال کر دیا ہے۔

سیلز ٹیکس ، چونگی ٹیکس ، ٹول ٹیکس اور سب سے بڑھ کر انکم ٹیکس کے ظالمانہ نظام نے عوام کی زندگی عموماً اور تاجروں کی زندگی کو مشکل تر بنا دیا ہے اور جب تک اِس ظالمانہ نظام کے خلاف بغاوت کر کے اِسے درست نہیں کیا جاتا اور اِس نظام کے چلانے والوں کو گھر کی راہ نہیں دکھائی جاتی ، جماعت اسلامی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

(جاری ہے)

انجینئر نعمان اکرم نے کہا کہ ووٹ کی طاقت سے ظلم کے نظام میں تبدیلی لائی جا سکتی ہے اور موجودہ نظام کی بجائے اسلام کا عادلانہ نظام ہی ہمیں رزق حلال اور امن و سکون فراہم کر سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرپور کو بڑے بڑے مسائل نے گھیر رکھا ہے اِن میں پورے شہر کو گیس کی فراہمی، صاف پانی کی فراہمی اور سڑکوں کے علاوہ صحت و صفائی کے مسائل ہیں ۔ متاثرین منگلا ڈیم کے مسائل سے حکومت نے چشم پوشی اختیار کر رکھی ہے اور لوگوں کو الیکشن کے بعد کے لیے طفل تسلیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے تاجروں سے کہا کہ وہ معاشرے میں عدل و انصاف اور میرپور کے مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔