کیمپوں میں آباد خاندانوں کو رقبہ دینے کے ساتھ ساتھ مالکانہ حقوق دینگے ‘ڈپٹی کمشنر مظفرآباد،

ہمیں خواتین کے حقوق کا خیال رکھنا چاہئے‘مانکپیاں میں کشمیر سکول کے قیام کیلئے 20کنال رقبہ ہم نے دیدیا ہے ‘مسعود الرحمان

اتوار 15 مارچ 2015 15:23

مظفرآباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار15مارچ ۔2015ء) خواتین کے عالمی دن کے موقع پر آزادکشمیر کرائسز مینجمنٹ آرگنائزیشن کے زیر منعقد تقریب مانکپیاں میں منعقد ہوئی ۔تقریب کے مہما ن خصوصی ڈپٹی کمشنر مظفرآباد مسعود الرحمان تھے تقریب کا مقصد خواتین اور بچیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرناتھا ۔تقریب میں کیمپ کی بچیوں نے مختلف پروگرام پیش کئے اور مہاجر کیمپ کی خواتین نے مہمان خصوصی کو اپنے مسائل سے بھی آگا ہ کیا ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مظفرآباد مسعود الرحمان نے کہا کہ آپ کے مسائل حل کئے جائیں گے ۔آپ یہاں مہاجر نہیں اپ بھی کشمیر کے رہائشی ہیں آج کے بعد اس کیمپ کا نام آزادی کیمپ ہو گا ۔اگر خواتین اپنے آپ کو محفوظ محسوس کرتی ہیں تو سب محفوظ ہیں ۔خواتین کا ہمارے مذہب نے بھی بلند مقام رکھا ہے ۔

(جاری ہے)

ہمیں خواتین کے حقوق کا خیال رکھنا چاہئے ۔

یہاں پر کشمیر سکول کا قیام کر دیا ہے 20کنال رقبہ ہم نے دے دیا ہے ۔کیمپوں میں آباد خاندانوں کو رقبہ دینے کے ساتھ ساتھ مالکانہ حقوق دینگے ۔حکومت نے اس کا فیصلہ کر لیا ہے ۔اگلے چند دنوں میں کیمپوں کے اندر پانی ،بجلی اور صفائی کے مسئلہ کو حل کر لیا جائے گا ۔آج کے بعد تمام کیمپوں کے رہائشی افراد کو سٹیٹ سبجیکٹ فری ملیں گے ۔ان سے کوئی فیس نہیں لی جائے گی ۔

تقریب سے لبریشن سیل کے راجہ سجاد لطیف ،عتیق الرحمان عباسی ،بشریٰ شمس، عتیقہ یوسف ،ثمینہ ممتاز،انیس ،راجہ امجد ،صدف اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔تقریب سے کرائسزمینجمنٹ کی چےئرپرسن سمیرا قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کا عالمی دن منانے کا مقصد خواتین کے حقوق کو اجاگر کرنا ہے ۔خواتین کو شامل کئے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا ۔کیمپ میں پروگرام کا مقصد یہاں کی خواتین اور بچیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہارکرنا ہے ۔