میرپور‘گولڈن سپیروز سکولز اینڈ کالجز نیٹ ورک کی 30 ویں تقریب تقسیم انعامات

بدھ 25 مارچ 2015 14:28

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2015ء)گولڈن سپیروز سکولز اینڈ کالجز نیٹ ورک کی 30 ویں تقریب تقسیم انعامات بنگیال میرج ہال میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی چوہدری عبدالمجید وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر تھے جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض حسنین حیدر نے سر انجام دئیے۔ تقریب میں تلاوت کلام پاک کی سعادت اسامہ عابد جب کہ نعت رسول مقبول کی سعادت عیان انور نے حاصل کی۔

ادارہ کے مشاورتی بورڈ کامختصر تعارف کروایا گیا۔ازاں بعد ادارہ کے چیف ایگزیکٹو جاوید اختر رتیال نے سپاسنامہ پیش کیا ۔ سپاسنامے میں ادارے کے مختصر تعارف کے بعداس کی 30 سالہ خدمات کا بھر پور انداز میں اظہار کیا گیا۔ جناب چوہدری عبدالمجید وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے تابناک دور حکومت کا ذکر کرتے ہوئے جاوید رتیال نے کہا کی جناب وزیر اعظم کی علم دوستی کا اس سے بڑا ثبوت اور کیا ہو سکتا ہے کہ آزاد ریاست جموں و کشمیر آج ایجوکیشنل سٹیٹ بن چکی ہے جس میں میڈیکل کالجز، یونیورسٹریز، کیڈٹ کالجز بالخصوص MUSTکا قیام اور دیگر تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن سے ریاست بھر میں تعلیمی نیٹ ورک قائم ہو چکا ہے جس کے ثمرات سے ہر خاص و عام مستفید ہو رہا ہے ۔

(جاری ہے)

پرائیویٹ سیکٹر میں قائم ادرہ جات کے مسائل و مشکلات کی طرف بھی جناب وزیر اعظم کی توجہ دلوائی گی ۔ جاوید رتیال نے فرزند قائد چوہدری قاسم مجید، جناب بدر منیر پرنسپل سٹاف آفیسر، جناب چوہدری طارق ڈپٹی کمشنر، جناب عرفان سلیم ایس ایس پی ، جناب مرزا جاوید سابق کمشنر، محترمہ انجم نقوی ڈویژنل ڈائریکٹرکالجز سربراہان ادارہ جات والدین و دیگر مہمانان گرامی کا تقریب میں شمولیت پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔

جناب وزیر اعظم نے اپنے دست مبارک سے پوزیشن ہولڈرز میں شیلڈز تقسیم کیں اور گولڈن سپیروز کے نیٹ ورک کے لیے پندرہ لا کھ روپے اور پچاس کنال اراضی کا اعلان کر کے اپنی علم دوستی کا ثبوت دیا۔ فرزند قائد قاسم مجید ، محترمہ انجم نقوی ڈاکٹر عظیم رتیال، ڈاکٹر ندیم رتیال اور پروفیسر نعیم رتیال نے بھی بچوں میں شیلڈز و ٹرافیز تقسیم کر کے بچوں کی حوصلہ افرائی کی۔آخر میں جاوید رتیال چیف ایگزیکٹو گولڈن سپیروز نے جناب وزیر اعظم کا ادارے کو پندرہ لاکھ اور پچاس کنال اراضی دینے پرخصوصی شکریہ ادا کیا۔حاضرین و ناظرین نے تقریب میں پیش سکیے جانے خاکوں، ٹیبلوز، تقاریر اور روبوٹ ٹیکنالوجی کی دل کھول کر داد دی۔