میرپور‘نیوسٹی سیاست کا میدان جنگ بن گیا‘تمام سیاسی پارٹیاں نیوسٹی کو فتح کرنے میں مصروف

جمعہ 27 مارچ 2015 17:21

نیوسٹی میرپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مارچ۔2015ء) نیوسٹی سیاست کا میدان جنگ بن گیا‘تمام سیاسی پارٹیاں نیوسٹی کو فتح کرنے میں مصروف۔الیکشن اپنے آخری مراحل میں داخل ہو گیا۔نیوسٹی سمیت میرپور میں آزاد امیدواراعجاز رضا کی مقبولیت میں دن بدن اضافہ۔حلقہ ایل اے تھری میرپور کے ضمنی الیکشن میں سب سے زیادہ ووٹ بنک رکھنے والے نیوسٹی کو سب سے زیادہ اہمیت دی جا رہی ہے ۔

تقریباً 68000 ووٹرز میں سے 8080 ووٹ نیوسٹی میں ہیں۔ اس حوالے سے تمام سیاسی پارٹیوں کا رخ زیادہ تر نیوسٹی کی طرف بڑھ گیا ہے ۔ایک گلی میں ایک ہی دن تین بڑی سیاسی پارٹیوں کی میٹینگز منعقد ہو رہی ہیں۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبد المجید ویسے تو کبھی نظر بھی نہیں آتے تھے لیکن آج کل ان کا دن رات نیوسٹی میں بسر ہورہا ہے ایسے لگتا ہے جیسے یہ الیکشن ان کا آخری الیکشن ہو اور ایک میدان جنگ ہو۔

(جاری ہے)

وعدے نہ پورے ہونے پر لوگوں سے معافیاں بھی مانگتے پھرتے ہیں اور آئندہ وعدے پورے کرنے کی یقین دہانی بھی دلاتے ہیں۔چوہدری محمد اشرف جو حلقہ ایل اے تھری سے پیپلزپارٹی کے نامزد امیدوار ہیں ان سے زیادہ چوہدری عبد المجیدزیادہ فکرمند نظر آتے ہیں۔ اگر بات کی جائے سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی تو ان کا بھی یہی حال ہے دن رات نیوسٹی کے اردگرد گاڑیوں میں اپنے پارٹی ممبروں کے ساتھ کسی نہ کسی میٹنگ میں ضرور نظر آئیں گے۔

پچھلے 4 سال سے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری میرپور کے ایم ایل اے تھے لیکن انہوں نے ایک بھی ایسا کام نہیں کیا جس کی بنیاد پر نیوسٹی کے لوگ ان کو ووٹ دیں لیکن چند مجبور بندے ہیں جو تعلقات کی وجہ سے بیرسٹر صاحب کا ساتھ دیں رہے ہیں اور ان کے ذریعے بندوں کو خریدنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ لیکن نیوسٹی کی عوام نے ان دونوں پارٹیوں کو تقریباً مستر د کردیا ہے۔

اور رہی بات مسلم لیگ (ن) کی تو جب مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی قیادت راجہ فاروق حید ر اور شاہ غلام قادر اور دیگر نے ضمنی الیکشن لڑنے کا ٹکٹ ارشد محمود غازی کودیا تھاتب سے ہی لوگوں کے دل میں ایک بات بیٹھ گئی تھی کہ ارشد محمود غازی پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری محمد اشرف کے حق میں دستبردار ہو جائے گا اس لیے مسلم لیگ (ن) کے سپورٹر کافی حد تک مایوس دکھائی دے رہے ہیں۔

لیکن ایک مزے کی بات یہ ہے کہ آزاد امیدوار اعجاز رضا جنہوں نے پہلی مرتبہ الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے ان کے سپورٹرز میں دن بدن اضافہ نظر آرہا ہے۔ نئے چہرے سے لوگوں کو بڑی امیدیں نظر آئی ہیں اس لیے مسلم لیگ(ن) اور دیگر پارٹیوں کے بے شمار کارکن ان کو سپورٹ کر رہے ہیں اور ان کی میٹینگز میں ان کی مدد کر رہے ہیں۔ لیکن فیصلہ کیا ہو گا 29 مارچ کو واضع ہو جائے گا ۔