حضرت سائیں غلام محمد  دربار عالیہ پلیر شریف کے سالانہ عرس مبارک کی تقریبات (کل)سے شروع ہو جائیں گی

اتوار 29 مارچ 2015 12:36

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29مارچ۔2015ء) رومی کشمیر حضرت میاں محمد بخش کے مرشد پاک حضرت سائیں غلام محمد  دربار عالیہ پلیر شریف کے سالانہ عرس مبارک کی تقریبات کل (30مارچ)سے شروع ہو جائیں گی ۔دربار عالیہ کے منتظم اعلیٰ صاحبزادہ چوہدری عبدالرحمن کی طرف سے جاری پروگرام کے مطابق ممتاز روحانی شخصیت حضرت باجی میاں غلام قاسم اور دیگر عقیدتمندان آج بعد از نماز عصر حضرت سائیں غلام محمد  اور حضرت بابا بدوح شاہ ابدال  کے مزارات مقدسہ کو عرق گلاب سے غسل دینگے جبکہ 31مارچ کی صبح قرآن خوانی ہو گی اور نعت خوانی کے علاوہ عارفانہ کلام سیف الملوک پیش کیا جائے گا آزادکشمیر کے ممتاز مذہبی سکالر علامہ زبیر احمد نقشبندی دربار عالیہ کھڑی شریف کا خصوصی خطاب ہوگا او ر دعا کے بعد لنگر تقسیم ہو گا ۔

(جاری ہے)

دربار عالیہ کھڑی شریف کے سجادہ نشین حضرت صاحبزادہ میاں محمد عمر بخش بھی بطور خاص شرکت کرینگے ۔ان روحانی تقریبات کے علاوہ یکم اپریل کو مقامی دیہی ثقافتی کمیٹی کے زیر اہتما م گھوڑا دوڑ سنگل و سیکشن ہو گی ۔دو اور تین اپریل کو بیل دوڑ کے بین الاضلاعی مقابلے ہونگے جن میں ضلع میرپور ،ضلع کوٹلی ،ضلع راولپنڈی اور ضلع جہلم سے مشہور زمیندار اپنی نامور بیل جوڑیوں کے ہمراہ شرکت کرینگے ۔دربار عالیہ پلیر شریف کے سجادہ نشین صاحبزادہ چوہدری عبدالرحمن نے تحصیل ڈڈیال کے عوام سے خصوصی طور پر اپیل کی ہے کہ وہ عرس مبارک اور ثقافتی پروگراموں میں بھرپور شرکت کریں ۔