شریعت کورٹ آزاد جموں و کشمیر کے دو ججز جسٹس سردار شہزاد اور مسٹر جسٹس مشتاق احمد جنجوعہ نے حلف اٹھالیا

پیر 30 مارچ 2015 16:49

مظفرآباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء)صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمدیعقوب خان نے شریعت کورٹ آزاد جموں و کشمیر کے دو ججز مسٹر جسٹس سردار شہزاد اور مسٹر جسٹس مشتاق احمد جنجوعہ سے ان کے عہدوں کا حلف لے لیا ۔ دونوں جج صاحبان کی تقریب حلف برداری صدارتی سیکرٹریٹ مظفرآباد میں ہوئی ۔ جس میں وزیر قانون سید اظہر گیلانی ، وزیر بحالیات عبدالماجد خان، صدارتی معاون خصوصی راجہ ساجد حسین ، چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر ہائی کورٹ و شریعت کورٹ مسٹر جسٹس غلام مصطفی مغل، ہائی کورٹ کے دیگر جج صاحبان، سیکرٹر یزحکومت ، عہدے داران سنٹر بار ایسوسی ایشن مظفرآباد ، سیاسی و سماجی شخصیات اور عمائدین شہر نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

قبل ازیں صدر آزاد کشمیر نے چیف جسٹس ہائی کورٹ اور چیف جسٹس سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر کی شفارشات پر دونوں جج صاحبان کو آزاد جموں کشمیر شریعت کورٹ کا جج مقرر کرنے کی منظوری دی تھی ۔

(جاری ہے)

جس کے بعد بعد ازاں حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کیا ۔ تقریب میں شریک وکلاء حضرات نے مسٹر جسٹس سردار شہزاد احمد اور مسٹر جسٹس مشتاق احمد جنجوعہ کی بحیثیت جج شریعت کورٹ تعیناتی کا خیر مقدم کیا ۔

اور کہا کہ دونوں جج صاحبان کی تقرری سپریم کورٹ آف آزاد جموں و کشمیر کے فیصلے کی روح کے مطابق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلی مرتبہ آزاد کشمیر میں شریعت کورٹ کے جج چیف جسٹس صاحبان کی مشاورت سے تعینات ہوئے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں جج حضرات انصاف کی فراہمی کے سلسلے میں اپنی بہترین صلاحتیں بروئے کار لائیں گے ۔ بعد ازاں صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے بھی دونوں جج صاحبان کو عہدے سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔ اور امید ظاہر کی کہ وہ چیف جسٹس صاحبان کی توقعات پر پورا اتریں گے اور انصاف کے تقاضے پورے کریں گے ۔