بارشوں کے باعث ضلع باغ سمیت کئی علاقوں کی سڑکیں لینڈ سلائیڈنگ سے بند

بارشوں سے تباہی‘ محکمہ شاہرات کنگلہ‘مشینری کیلئے ڈیزل پٹرول تک نہیں‘ حکومت پیسہ غیر ضروری کاموں پر بے دریغ خرچ کرنے میں مصروف حکومت بلند بانگ دعوؤں کی بجائے محکمہ شاہرات کو ڈیزل اور پٹرول کی مد میں فنڈ فراہم کرے تاکہ عوامی مسائل حل ہو سکیں‘عوامی مطالبہ

اتوار 5 اپریل 2015 12:46

بیس بگلہ /باغ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار5اپریل ۔2015ء )بارشوں سے تباہی‘ محکمہ شاہرات کنگلہ‘ حکومت پیسہ غیر ضروری کاموں پر بے دریغ خرچ کرنے میں مصروف‘گزشتہ کئی دنوں سے جاری بارشوں نے جہاں پورے آزاد کشمیر میں تباہی مچا دی ہے وہاں دیگر اضلاع کی طرح ضلع باغ کے شہر سمیت جنوب ‘شمال‘ مشرق ومغرب کے تمام بالائی علاقوں کی لنک روڈ لینڈ سلائیڈنگ سے کئی دنوں سے بند ہیں جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے-دور دراز سے باغ آنے والے سرکاری ملازمین کے علاوہ طلباء وطالبات سخت پریشانی سے دوچار ہیں-محکمہ شاہرات تو کام کرے مگر ڈیزل پٹرول کی عدم فراہمی سے پانی پر مشینری نہیں چلا سکتے- عوام علاقہ سدھن گلی‘ بیس بگلہ‘ چترہ ٹوپی‘نڑیولہ‘ شجاع آباد‘ تھب‘ غنی آباد‘ ملوٹ رنگلہ ‘ دھیرکوٹ ‘ چمن کوٹ‘ سنگڑھ بٹھارہ نے حکومت وقت سے فوری طور پر محکمہ شاہرات کو اس مد میں ڈیزل پٹرول کیلئے رقم جاری کرنے کا پرزور مطالبہ کر دیا تاکہ محکمہ شاہرات آسانی سے عوام کی شکایات کا ازالہ کر کے عوام کو باہم سہولت پہنچا سکے ورنہ محکمہ شاہرات کے ملازم اور خالی خولی مشینری کچھ بھی نہیں کر سکتی- حکومت بلند بانگ نعرے لگانے کے ساتھ عوام کی بہتری پر فنڈ لگا نے کی بجائے اپنی تجوریاں بھرنے میں مصروف ہے-