مزدوروں کا عالمی دن ’’یوم مئی ‘‘شایان شان طریقہ سے منائیں گے‘عبداﷲ قربان

منگل 21 اپریل 2015 18:41

میرپور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء ) مزدوروں کا عالمی دن یوم مئی شایان شان طریقہ سے منائیں گے ۔محنت کش جدید دنیا کے معمار ہیں لیکن محنت کش جدید اور بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں ریاست جموں کشمیر کے محنت کش اور غریب طبقات حکمران ٹولہ اور بالادست طبقے کے مفادات کا ایندھن بن کر رہ گئے ہیں ۔JKPNPکے مرکزی راہنما عبداﷲ قربان نے یوم مئی کے حوالہ سے یوتھ لیگ کے عہدیداران و کارکنان کی انتظامی کمیٹیوں کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر ریاستی محنت کشوں سے بھاری ٹیکس وصول کر رہی ہے لیکن محنت کشوں کو بنیادی سہولیات تک میسر نہیں ہیں حکومت آزادکشمیر محنت کش غریب و محکوم طبقات کو علاج معالجہ ،تعلیم اور روزگار کی سہولیات بھی مہیا نہیں کر سکتی جبکہ غریب اور نچلے طبقات کو حکومتی اور ریاستی نا انصافیوں کا بُری طرح سامنا ہے حکومتی ایوان غریب اور محنت کش طبقات کی خوشحالی اور ترقی کے لیے اقدامات کرنے کی کوششوں پر بھی ذرہ بھر توجہ نہیں دے رہے جموں کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی JKPNPکے راہنما عبداﷲ قربان نے کہا کہ محنت کشوں کو پی این پی کے انقلابی پلیٹ فارم پر متحد و منظم ہو کر اپنے حقوق کا بھرپور دفاع کرنا ہو گا ۔

(جاری ہے)

محنت کشوں کا اتحاد کرپٹ اور عوام دشمن روایتی سیاستدانوں اور حکمرانوں کے لیے آئینی شکنجہ بن جائے گا پیپلزپارٹی نے محنت کشوں کے نعرے لگا کر امراء اور سرمایہ داروں ،جاگیر داروں کے مفادات کو تحفظ دیئے ہیں اور پیپلزپارٹی والوں نے گزشتہ 45سالوں سے محنت کشوں اور غریب عوام کے حقوق پر سودے بازیاں کی ہیں آزادکشمیر میں پیپلزپارٹی کا دور حکومت تاریخ کا کرپٹ ترین دور حکومت ہے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے سرکاری سطح پر علاج معالجہ کی رہی سہی سہولتوں پر بھاری ٹیکس عائد کر کے غریبوں کو مرنے کے لیے چھوڑ دیا ہے اور عوامی خزانے سے وزراء اور مشیروں کی فوج ظفر موج کو جی بھر کر نواز ا جا رہا ہے محنت کشوں اور غریب عوام کی خوشحالی و ترقی قومی جمہوری انقلاب سے جڑی ہوئی ہے ۔