محکمہ صحت کی اراضی پر قبضے کیلئے منظم مافیا منفی ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے‘ ڈاکٹر لطف الرحمان

بدھ 6 مئی 2015 15:52

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء)تحریک انصاف آزادکشمیر کے بانی صدر ڈاکٹر لطف الرحمان نے سنٹر پلیٹ میں محکمہ صحت کی اراضی پر 7کروڑ روپے سے زائد مالیت کے میگا پراجیکٹ کی تعمیر میں رکاؤٹیں پیدا کرنے والے مافیا کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔محکمہ صحت کی اراضی پر قبضے کیلئے منظم مافیا منفی ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے اور مقامی سیاسی قیادت اس مافیا کی پشت پناہی کر رہی ہے ۔

منصوبے پر کام شروع نہ ہوا تو تحریک انصاف احتجاجی تحریک شروع کرے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی ایوان صحافت میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا ۔اس موقع پر تحریک انصاف کے ضلعی صدر اشفاق پیرزادہ ،مجید عباسی ،آئی ایس ایف کے مرکزی سیکرٹری جنرل امتیاز شاہ بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ سنٹر پلیٹ میں محکمہ صحت کی 20کنال اراضی ہے ۔

جس میں سے ساڑھے 4کنال اراضی قبرستان کیلئے مختص ہوئی ۔دو کنال اراضی کمیونٹی سنٹر کیلئے دی گئی ۔1کنال پر قبرستان کی آڑ میں قبضہ کیا گیا ہے ۔محکمہ کے پاس جو اراضی باقی بچ گئی ہے اس پر یونیسیف کے تعاون سے میگا پراجیکٹ شروع کیا گیا ہے ۔اور آزادکشمیر میں محکمہ صحت کا پہلا کولڈ سٹوریج تعمیر کیا جا رہا ہے ۔جس میں ہیپا ٹائٹس اے ۔بی ۔سی ،پولیو ،ڈسپنسری ،ٹی بی اور متعددی امراض کیلئے آنے والی ویکسےئن سٹور کی جائے گی ۔

یہ کولڈ سٹوریج جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوگا۔یونیسیف کے تعاون سے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ نے 7کروڑ روپے سے زائد مالیت کا منصوبہ حاصل کیا ۔جس پر کام جاری ہے ۔لیکن قبضہ مافیا نے غیر قانونی طور پر کام بند کرا دیا ہے اور سیاسی لوگ اس مافیا کی پشت پناہی کر رہے ہیں ۔انہوں نے چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس آزادکشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تعمیراتی کمپنی کو تحفظ مہیا کریں ۔تاکہ میگا پراجیکٹ متاثر نہ ہو۔اگر حکومتی سطح پر اس طرف توجہ نہ دی گئی تو یہ فنڈز منتقل ہو جائیں گے ۔فوری طور پر منصوبے پر کام شروع نہ ہوا تو تحریک انصاف بھرپور احتجاجی تحریک چلائے گی اور سیکرٹریٹ میں دھرنا دیا جائے گا۔