اوور سیز پاکستانیزو کشمیریوں کو انتخابات میں ووٹ ڈالنے کا حق ملنا چاہیے ، بیرسٹر سلطان محمود چودھری

ہفتہ 9 مئی 2015 17:03

نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 مئی۔2015ء ) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و کشمیر پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ اوور سیز پاکستانی اور کشمیریوں کو پاکستان اور آزاد کشمیر کے انتخابات میں ووٹ ڈالنے کا حق ملنا چاہیے تاکہ وہ بھی اپنے مافی الضمیر کے مطابق اپنے پسندیدہ نمائدے منتخب کر سکیں کیونکہ تارکین وطن جہاں ملک کی اقتصادی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کرتے ہیں تو وہ بھی پاکستان کے معاملات میں زیادہ سے زیادہ شریک ہو سکیں۔

جس سے پاکستان کو مزید اقتصادی و سیاسی فائدہ ہو سکتا ہے۔ آئندہ ملین مارچ بھی ضرور ہو گا اور وہ نیویارک سمیت کسی بھی جگہ ہو سکتا ہے تاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ ساتھ بھارت کو دنیا میں بے نقاب کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی آزاد کشمیر اورپاکستان میں اس سال انتخابات میں حصہ لینے کے لئے تیار ہے اور امید ہے کہ اوورسیز کشمیری و پاکستانی بھی پاکستان تحریک انصاف کی بھرپور حمایت کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں پاکستان تحریک انصاف نیویارک کے زیر اہتمام ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ عام سے چوہدری ظہور اختر، وحید بٹ، چوہدری پرویز، ملک نعیم، چوہدری ضمیر، ممتاز کشمیری رہنماء سردار سوار خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ یہ جلسہ عام نیویارک کی تاریخ کاکشمیریوں و پاکستانیوں کا سب سے بڑا اجتماع تھا۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کے کارکن ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے رہے اس موقع پر بیرسٹرسلطان محمود چوہدری پر ڈالروں کی بارش کی جاتی رہی اور انکے حق میں زبردست نعرے بازی کی گئی ، ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔یہ پہلا موقع تھا کہ نیویارک میں اس طرح کا منظر دیکھنے میں آیاکیونکہ جہاں پی ٹی آئی کے کارکن بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی میرپور میں ضمنی انتخاب میں شاندارفتح اور سعد رفیق کے نااہلیت پر جشن منارہے تھے۔

اس موقع پر بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میری ساری توانائیاں کشمیر کی آزادی کے لئے وقف ہیں اور کیونکہ جہاں میں دنیا میں ہر جگہ جا کر مسئلہ کشمیر کواجاگر کررہا ہوں وہاں پر میں پی ٹی آئی کو بھی مضبوط کررہا ہوں کیونکہ اس وقت عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی ہی وہ واحد جماعت ہے جو ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہاں پر مطالبہ کیا جارہا ہے کہ اگلا ملین مارچ نیویار ک میں ہو اس بات کا فیصلہ جلد ہو جائے گا کہ ملین مارچ کہا ں پر منعقد کیا جائے۔

کیونکہ اکتوبر میں ملین مارچ سے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اٹھانے کے لئے ضرور ہو گا کیونکہ گذشتہ ملین مارچ کے زبردست نتائج سامنے آئیں اور مسئلہ کشمیر انٹرنیشنل کمیونٹی کے سامنے بھرپور انداز میں اجاگر ہوا۔انھوں نے کہا کہ میں انسانی حقوق کے علمبردار شہر نیویارک سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یہ یقین دلانا چاہتا ہوں کہ انہیں انکا حق خود ارادیت ملکر رہے گا اور اب دنیا جان چکی ہے کہ اگر مسئلہ کشمیر حل نہ ہوا تو جنوبی ایشیاء میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔

بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آپ لوگ میری کال کے منتظر رہیں اس وقت پاکستان میں ایسے حالات بن چکے ہیں کہ انتخابات اسی سال ہونگے۔ بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میرپور کے ضمنی انتخاب میں میری کامیابی کے بعد آزاد کشمیر حکومت میں اگر ذرا بھی غیرت اور شرم ہو تی تو اسے مستعفی ہو جانا چاہیے تھا مگر اب آزاد کشمیر اور پاکستان میں اسی سال انتخابات ہو نگے اور آئندہ حکومت تحریک انصاف بنائے گی۔ ہم نیا آزاد کشمیر بنائیں گے جس میں کرپشن اور تعصب سے پاک معاشرہ اور عام آدمی کی حالت بہتر بنائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :