حریت رہنماؤں کا کشمیری نظربندوں کی حالت زار پر تشویش کا اظہار، فوری رہائی کا مطالبہ

پیر 11 مئی 2015 16:24

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 مئی۔2015ء) حریت رہنماؤں نے کشمیری قیدیوں کی حالت زار پر اظہار تشویش کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔کشمیر تحریک خواتین کی سر براہ زمردہ حبیب اوراسلامک پولیٹیکل پارٹی کے سربراہ محمد یوسف نقاش نے اپنے الگ الگ بیانات میں بارہمولہ جیل میں نظربند حریت پسندوں جنہوں نے بدھ کے روز سے مسلسل بھوک ہڑتال شروع کر رکھی ہے کی تیزی سے گرتی ہوئی صحت پر شدیدتشویش کا اظہار کیاہے ۔

انہوں نے کئی کشمیری نظربندوں کے اہلخانہ سے ملاقات میں یقین دلایا کہ نظربندوں کو کسی بھی صورت میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ کٹھ پتلی انتظامیہ دانستہ طورپر کشمیریوں کی غیر قانونی نظربندی کو طول دے رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بارہمولہ کورٹ میں تعینات سرکاری وکیل کی غیر حاضری کی وجہ سے سب جیل بارہمولہ میں نظربند حریت پسند وں کے خلاف مقدمات کی سماعت میں غیر ضروری تاخیر ہو رہی ہے جو کہ نظر بندوں کے حقوق کی سخت ترین پامالی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ انتظامیہ کشمیر ی نظربندوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے انکی غیر قانونی نظربندی کو طول دے رہی ہے ۔حریت رہنماؤں نے کہا کہ مختلف جیلوں اور اذیت خانوں میں نظربندبے گناہ کشمیری نوجوان مختلف جسمانی و ذہنی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مسلسل بھوک ہڑتال کی وجہ سے کشمیری نظربندوں کی صحت تیزی سے گررہی ہے اور ان میں سے بعض ایک کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے ۔

انہوں نے کہاکہ اس غیر انسانی عمل کو کسی بھی صورت میں بر داشت نہیں کیا جائیگا۔ کشمیر تحریک خواتین کی سربراہی نے فوری طورپر کشمیری نظربندوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ۔ ادھر جموں وکشمیر پیپلز موومنٹ کے سینئر نائب چیئرمین میر شاہد سلیم نے جموں میں ایک بیان میں عالمی ریڈ کراس اور انسانی حقوق کی دیگر بین الاقوامی تنظیموں پر زوردیا ہے کہ وہ غیر قانونی طورپر نظربند سیاسی رہنماؤں کے ساتھ جیل انتظامیہ کی طرف سے روا رکھے جانے والے غیر انسانی سلوک کا سخت نوٹس لے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت اور مقبوضہ علاقے کی جیلوں میں قیدسیاسی نظربندوں کو انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ میر شاہد سلیم نے تمام سیاسی نظربندوں اور کشمیری نوجوانوں کو رہا کرنے کے اپنے وعدے پورے نہ کرنے پر کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے بزرگ حریت رہنماء سید علی گیلانی اور دیگر حریت رہنماؤں کی مسلسل گھروں میں نظربندی کی بھی شدید مذمت کی ۔