سید صلاح الدین اور بیرسٹر ترمبوکا میر واعظ مولوی فاروق، خواجہ عبدالغنی لون کو زبردست خراج عقیدت

بدھ 20 مئی 2015 20:26

مظفر آباد۔ 20مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20مئی۔2015ء) متحدہ جہاد کونسل کے چیئر مین سید صلاح الدین نے کہاہے کہ ممتازحریت رہنماؤں میر واعظ مولوی محمد فاروق ، خواجہ عبدالغنی لون کو انکی شہادت کی برسی کے موقع پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ کشمیری شہداء ستاروں کی مانند ہیں، اگر کسی کی بینائی متاثر ہے تو اس میں روشنی کا قصور نہیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید صلاح الدین نے مظفر آباد میں متحدہ جہاد کونسل کے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آزادی کے اس سفر میں دونوں حریت رہنماوں نے ایک قائدانہ کردار ادا کیااورمیر واعظ مولوی فاروق اور ان کے اسلاف کا دینی محاذپر بھی شاندار کردار رہا ہے جسے فراموش نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ 1947ء سے آج تک 5لاکھ کشمیری جوانوں، بزرگوں، ماوٴں، بیٹوں اور بیٹیوں نے غلامی کی زنجیریں توڑنے کیلئے اپنی جانوں کا نزرانہ پیش کیااوریہ قربانیاں ہم پہ قرض ہیں اور ہم ان قربانیوں کی لاج رکھتے ہوئے ،زندگی کے آخری سانس اور خون کے آخری قطرے تک جدوجہد جاری رکھیں گے اور شہداء کے خون کے ساتھ وفا نبھائیں گے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے آخر میں میر واعظ مولوی فاروق ،خواجہ عبد الغنی لون اورشہدائے حول کی مغفرت اور بلندی درجات کی دعا کی گئی۔ادھرجموں کشمیر لبریشن فرنٹ(آر) کے سرپرستِ اعلیٰ بیرسٹر عبدلمجید ترمبو نے بھی ایک بیان میں میر واعظ مولوی محمد فاروق اورخواجہ عبدلغنی لون کو اُن کی شہادت کی برسی پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوے ٴ کہا ہے کہ یہ دونوں لیڈروں نے مرتے دم تک مظلوم کشمیریوں کے جذبات کی ترجمانی کی ۔

انہوں نے ہاکہ اُن کا ہم سے اس طرح جدا ہونا ایک المیہ ہے ،بدقسمتی ہے۔ اُنہوں نے اپنی آخری سانس تک حصولِ آزادی کیلئے جدو جہد کی اور اس حوالے سے قوم کو چاہیے کہ وہ ان کے خوابوں کو شرمندہٴ تعبیر کرنے میں اپنا کردار ادا کرے ۔ بیرسٹرترمبو نے غیر ریاستی باشندوں کو کشمیر میں بسانے کی سازش کے حوالے سے کہا کہ کٹھ پتلی سرکار اوربھارتی حکومت کمیٹیاں بنارہی ہے اور ایسے طریقے تلاش کےٴ جارہے ہیں جن کے تحت اُن باشندوں کو ریاست میں بسایا جاے ٴ اور ریاست کی مسلم آبادی کو اقلیت میں تبدیل کیا جا ئے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس حوالے سے کسی بھی اقدام کی شدید مخالفت کریں گے اور بھارت کی سازشوں کو کسی بھی حال میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔کشمیری نظربندوں کی حالت زار پرافسوس ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جیلوں میں کشمیریوں کی حالت ابتر اور انتہائی تشویش ناک ہے۔