مظفرآباد‘عباس انسٹیٹیوٹ امبور ہسپتال بنیادی سہولیات سے محروم ‘ ایمرجنسی وارڈ میں مریض جان سے ہاتھ دھوبیٹھے

منگل 26 مئی 2015 14:43

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 مئی۔2015ء)عباس انسٹیٹیوٹ (ایمز ) امبور ہسپتال تمام بنیادی سہولیات سے محروم ، ایمرجنسی وارڈ میں اکثر مریض جان سے ہاتھ دھوبیٹھے ہیں ، غریب کیلئے مذکورہ ہسپتال جانی دشمن ثابت ہونے لگی بعض ایسے سیریس مریض جو زندگی اورموت کی کشمکش میں ہوتے ہیں ،ضروری ادویات کا ہسپتال میں نہ ہونے کا بہانا بناکر مریضوں کے ورثا کو پرچی تھماکر باہرمیڈیکل سٹورز سے ادویات خریدنے کاکہاجاتاہے بعض غریب لوگ پیسوں کی رینج میں وقت ضائع کردیتے ہیں کیونکہ اُن کے پاس اس قدروسائل نہیں ہوتے کہ وہ باہر سے مہنگی ادویات خرید کر اپنے پیاروں کی جان بچاسکیں ، جس کے نتیجے میں سیریس مریض اس دوران زندگی کی بازی ہارجاتے ہیں ، ہیلتھ پیکیج منظوری سے بھی ایمز ہسپتال میں بہتری نہ آسکی، اِن خیالات کااظہار نظریاتی رہنماء پی ایم ایل (این) پیرسیدسرفرازگیلانی نے گزشتہ روزمیڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اُن کاکہناتھاکہ ہسپتال ہذا کے ایمرجنسی وارڈ سے لیکر دیگر وارڈ ز کی سطح پر مریضان کو کوئی بہتر علاج معالجہ کی سہولت نہیں ، امبورہسپتال کے حوالے سے مختلف اوقات میں بذریعہ اطلاعات اعلیٰ حکام کو آگاہ کیا گیا لیکن کسی کے کان پرجوں تک نہیں رینگی، انہوں نے مزیدکہاکہ صحت عامہ کے ذمہ دار امبورہسپتال میں اصلاحات لانے کے لئے جاندارکرداراداکریں سرکاری ادویات پرچیک اینڈ بیلنس رکھاجائے ، اگر ایمرجنسی کی صورت میں کسی مریض کومسئلہ درکار ہے یا زندگی اورموت کی کشمکش میں ہے اُسے جان بچاؤ ادویات فوری بنیادوں پر ہسپتال سے ہی دی جائیں تاکہ مشکل وقت میں غریب مریضان کے ورثا کومشکلات کاسامنا نہ کرناپڑے، پیرسیدسرفرازگیلانی کاکہناتھاکہ ہیلتھ پیکیج کادرست استعمال کیاجائے بلا رنگ ونسل امیروغریب کی امتیاز کئے بغیر جو مریض سیریس ہے اُسے سرکاری سطح پرادویات دی جائے توکم ازکم ہیلتھ پیکیج سے سیریس مریضان مستفید ہوسکیں ۔