میرپور شہر کو صاف ستھرا ،خوبصورت بنانا میری اولین ترجیح ہے،چودھری بابر شہزاد

پیر 1 جون 2015 16:14

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جون۔2015ء)ڈپٹی ایڈ منسٹر یٹرمیونسپل کارپوریشن چودھری بابر شہزادنے کہا ہے کہ میرپور شہر کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانا میری اولین ترجیحی ہے ۔ اس سلسلہ میں میرپور شہر کی تمام تنظیموں، وکلاء ،سول سوسائٹی بالخصوص انجمن تاجراں سمیت تمام زندگی کے ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والوں کا تعاون درکا ر ہو گا ۔

انھوں نے کہا کہ میرپور شہر آزادکشمیر کا ایک منفرد شہر ہے اس کی اپنی ایک حیثیت ہے ۔اس شہر کو خوبصور ت اور صاف ستھرابنانا ہمارے سمیت سب کی ذمہ داری میں شامل ہے ۔ پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت اور وزیر اعظم چودھری عبدالمجید کی سرپرستی میں ایڈمنسٹریٹر خواجہ ساجد پہلوان کے ساتھ مل کر میرپور شہر کی تعمیر و ترقی کرئینگے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے آفس میں ملنے والے شہریوں کے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

جبکہ اس موقع پر سینئر نائب صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری خواجہ ظفر اقبال بھی موجود تھے ۔ڈپٹی ایڈ منسٹر یٹرمیونسپل کارپوریشن چودھری بابر شہزادنے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ میرپور شہر کی تمام سٹریٹ لائٹس کی بحالی ، ناجائز تجاوزات کا خاتمہ ، شہر کے اندر تمام پارکس کی از سرنو بحالی ، غلط پارکنگ کی روک تھام کو شہریوں کے تعاون سے یقینی بنایا جائے گا ۔

انھوں نے کہا کہ شہر کے اندر صفائی مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے ۔پورے شہر میں صفائی کے سلسلہ میں ڈسٹ بن بیگ سروس کا آغاز بھی کیا جا رہا ہے اس کے علاوہ شہرمیں مچھر ما ر مہم کے سلسلہ میں سپرے کی جا ئے گی۔انھوں نے مزید کہا کہ میرپور شہر کو خوبصورت بنانے اور ماحول میں آلودگی کے خاتمے کے لیے پورے شہر میں پودے لگائیں جائیں ،اس سے ماحول میں آلودگی بھی کم ہو گی اور آکسیجن حاصل کرنے میں بھی مددملے گی ، اس مہم کے سلسلہ میں انجمن تاجراں سمیت تمام سول سوسائٹی کے نمائندگان کارپوریشن کے ساتھ بھر پور تعاون کریں ۔اُنہوں نے کہا صحت و صفائی ہر شہری کی بنیادی ضرورت ہے،اس کا آغاز ترجیحی بنیادوں پر کرینگے۔