بالائی علاقوں میں تازہ بر ف باری سے وادی کشمیر سردی کی لپیٹ میںآ گئی

جمعہ 5 جون 2015 14:35

سرینگر ۔ 05 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 جون۔2015ء) مقبوضہ کشمیر کے بعض بالائی علاقوں میں تازہ برف باری اور میدانی علاقوں میں تیزبارشوں کی وجہ سے ایک مرتبہ پھر پوری وادی کشمیر سردی کی لپیٹ میں آگئی ہے اور لوگ گرم ملبوسات کے استعمال پر مجبور ہوگئے ہیں۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سرینگر شہر سمیت وادی کے طول و عرض میں موسلا دھار بارشیں ہوئیں اور یہ سلسلہ جمعرات کو بھی پورا دن وقفے وقفے سے جاری رہا۔

معروف سیاحتی مقام گلمرگ میں دوران شب تازہ برف باری اور موسلا دھار بارشیں ہوئی۔شمالی اور جنوبی کشمیر کے ساتھ ساتھ جموں خطے کے بعض بالائی علاقوں سے ہلکی برفباری کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔بانہال میں جواہر ٹنل کے آرپار ہورہی بارشوں کے باوجود جموں سرینگر شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت بغیر کسی خلل کے جاری رہی ۔

(جاری ہے)

وادی چناب کے بھدرواہ ، ڈوڈہ، رام بن اور کشتواڑ اضلاع کے کئی پہاڑوں پر برف باری کے بعد موسم سرد ہوگیاہے جبکہ لگاتار بارشوں اور پہاڑوں پر برف باری کے نتیجے میں خانہ بدوش بکروال سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

سرینگر میں محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تازہ مغربی ہوائیں جموں کشمیر کے موسم پر اثر انداز ہوچکی ہیں جس کے نتیجے میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ جموں کشمیر میں ہفتہ سے موسم میں پھر سے تبدیلی واقع ہوگی اور موسم8جون تک خشک رہے گا۔