مظفر آباد ،وفاقی بجٹ میں لیپہ ٹنل کا منصوبہ شامل نہ کرنے کے خلاف عوام علاقہ سراپا احتجاج بن گئے

ہفتہ 6 جون 2015 16:30

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جون۔2015ء) وفاقی بجٹ میں لیپہ ٹنل کا منصوبہ شامل نہ کرنے کے خلاف عوام علاقہ سراپا احتجاج بن گئے۔ لیپہ ٹنل کا منصوبہ بجٹ میں شامل نہ کرنے کے خلاف جلسے ، جلوس ، ہڑتالیں ، ریلیاں اور پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد تک لانگ مارچ کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔ گذشتہ روز آل پارٹیز الائنز وادی لیپہ کے ترجمان شوکت جاوید نے کہا کہ کرنا کی 80ہزار سے زائد آباد ی نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کا دونوں ہاتھ کھڑے کر کے شکریہ ادا کیا تھا لیکن جب عملدر آمد کا وقت آیا کھودا پہاڑ نکلا چوہاجیسی صورتحال سے وادی لیپہ کے عوام کو دوچار ہونا پڑا۔

اب ہمارا وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید، وزیر خزانہ چوہدری لطیف اکبرسے مطالبہ ہے کہ وہ آزادکشمیر کے بجٹ میں لیپہ ٹنل کی تعمیر کے لیے ایک ارب روپیہ ابتدائی طور پر مختص کریں اور اسے جاریہ منصوبہ بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے اللہ کی مخلوق سے دعائیں حاصل کریں اور حقیقی خدمت خلق کا فریضہ بھی سرانجام دیں۔

(جاری ہے)

شوکت جاوید نے کہاکہ ہم اب بھی کسی پر الزام عائد نہیں کرتے تاہم آئندہ وفاقی حکومت لیپہ ٹنل کے لیے بجٹ مختص بھی کرے تو ہم شکریہ کے ساتھ اسے واپس کر دیں گے۔

ایک سال تک ہمارے لوگوں کو ٹنل کے لارے لگا کر بے توقیر کیا گیا ہے۔ ہم کرنا کے خوودار اور غیرت مند لوگ ہیں اس سے پہلے بھی کرنا کے عوام غیرت سے مرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی غیرت سے جیے مریں گے ۔انہوں نے کہا کہ بہت جلد کرناکے تمام مکاتب فکر کا نمائندہ اجلاس بلا کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔ کرنا کی نوجوان نسل باالخصوص میرے ساتھ تنک آمد بجنگ آمد کا فائنل راؤنڈکھیلنے کے لیے تیار ہو جائیں۔

لیپہ ٹنل تحریک کے لیے مجھے جو بھی قربانی دینی پڑی وہ دینے کے لیے اللہ کی مخلوق سے عہد کر رکھا ہے۔ شوکت جاوید نے کہاکہ کراچی لاہور راولپنڈی اسلام آباد مظفرآباد ہٹیاں سمیت دنیا بھر میں جہاں بھی وادی لیپہ کرنا کے لوگ موجود ہیں وہ اس گھٹیا مزاخ کے خلاف مزاحمت کیلئے اٹھ کھڑے ہوں۔ اس لیے کہ عالمی اصول ہے کہ جہاں مانگنے سے نہ ملیں وہاں چھیننے پڑتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :