جموں وکشمیر میں پاکستانی پرچم لہرانا اور خالصتان کے حق میں نعرے نئی بات نہیں ‘نائب کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ

منگل 9 جون 2015 16:01

جموں ۔ 09 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 جون۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں نائب کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ اور بی جے پی کے سینئرلیڈر ڈاکٹر نرمل سنگھ نے اعتراف کیا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں پاکستانی جھنڈے لہرانا اور خالصتان کے حق میں نعرے لگانا نئی بات نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیاسوس کے مطابق ڈاکٹر نرمل سنگھ نے جموں میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کٹھ پتلی انتظامیہ مستقبل میں سکھوں کے انقلابی رہنماء جرنیل سنگھ بھنڈرانوالہ کے بارے میں پروگرام منعقد کرنے کی اجازت نہیں دے گی ۔

انہوں نے کہاکہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ مقبوضہ علاقے میں خالصتان کے حق میں نعرے بازی کی گئی ہے اور پاکستانی جھنڈے لہرائے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ واقعات ماضی میں بھی ہوتے رہے ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے 4جون کو مظاہرین جو پولیس اہلکاروں کی طرف سے جرنیل سنگھ کے پوسٹر ہٹانے کے خلاف احتجاج کر رہے تھے پر بھارتی پولیس کی طرف سے فائرنگ سے ایک سکھ نوجوان ہلاک ہو گیا تھا جس کے بعد سے جموں ریجن میں حالات کشیدہ ہو گئے تھے ۔