آزادکشمیر حکومت عوام دوست بجٹ میں رسل ورسائل کے شعبہ پر خصوصی توجہ دی ہے ،چوہدری محمد رشید

منگل 16 جون 2015 16:37

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 جون۔2015ء) آزادکشمیر کے وزیر مواصلات وتعمیر ات عامہ چوہدری محمد رشید نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں قائم پیپلزپارٹی کی موجودہ حکومت نے اپنے چوتھے اور عوام دوست بجٹ میں رسل ورسائل کے شعبہ پر خصوصی توجہ دی ہے ۔ وزیر خزانہ منصوبہ بندی وترقیات چوہدری لطیف اکبر نے ٹیکس فری اور عوامی بجٹ پیش کیا ہے ۔ گذشتہ روز حلقہ چھ میں ایک تقریب کے دوران مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے زعماء سے گفتگوکر تے ہوئے وزیر مواصلات نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اس سال 639 کلومیٹر سڑکات مکمل کروائیں ۔

جبکہ کوہالہ مظفرآباد اور ٹائیں ڈھلکوٹ روڈ کا کام تکمیل کے آخری مرحلہ پر ہے ۔ انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی موجود ہ حکومت نے اپنے دورحکومت میں 1183کلومیٹر رابطہ سڑکات منظور کروائیں ۔

(جاری ہے)

جن میں سے تقریباً 50فیصد مکمل ہوچکی ہیں ۔ اور آئندہ مالی سال کے دوران 725کلومیٹر سڑکات کی پختگی کی سکیم ہا پر عملدرآمد ہوگا ۔ انھوں نے کہا کہ نلوچھی اور سہیلی سرکار پل ہا مکمل ہوکر ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دیئے گے ہیں جبکہ رٹھوعہ ریا م پل کا 65فیصد کام مکمل ہوچکا ہے ۔

انھوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے دوران نارتھ اور ساؤتھ زون میں میجر روڈز ،لنک روڈز اور آر سی سی /بیلی برجز کی تعمیر عمل میں لائی گئی ۔ آزادکشمیر بھر میں روڈز نیٹ ورک کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے عملی اقدامات کیئے جارہے ہیں ۔ پاکستان کو آزادکشمیر سے ملانے والی بین الاضلاعی سڑکات کی تعمیر اور ریکنڈیشنگ کو پہلی ترجیحی دی گئی ۔

انھوں نے کہا کہ نارتھ زون کے جملہ بیلی برجز پر سٹیل ڈیکنگ کی سکیم ہا اس بجٹ کا حصہ ہے ۔ جس کے تحت عنقریب تما م بیلی پل ہا ء کے لکڑی کے تختہ جات کو سٹیل شیٹس میں تبدیل کیا جائے گا۔ نارتھ زون کے مختلف اضلاع میں 556میٹر سپین کے 12آرسی سی پل ہا اور 122میٹر سپین کے ایک معلق پل اور 2بیلی پل ہا کے منصوبہ جات سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل ہیں ۔اس طرح ساؤتھ زون میں بھی 495میٹر سپین ہا آرسی سی پل ہا کی تعمیر کے 07منصوبہ جات بھی ADPمیں شامل ہیں ۔انھوں نے کہا کہ اٹھمقام تا تاؤبٹ بشمول دو ٹنلز ، مظفرآباد تا منگلا ایکسپریس وے کے لیے 900.000ملین روپے کی رقم مختص کی گئی ہے ۔ انھوں نے کہا موجودہ حکومت نے اقتدار کو ہمیشہ عوام کی امانت سمجھتے ہوئے عوامی خدمت کو اپنا شعار بنایا ۔

متعلقہ عنوان :