کوٹلی، حکومتی بے حسی، مستقل نہ کرنے بارے آئی ٹی ملازمین کا احتجاج، مظاہرہ

منگل 16 جون 2015 16:37

کوٹلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 جون۔2015ء) حکومتی بے حسی اور آئی ٹی ملازمین کو مستقل نہ کرنے کے حوالے سے آئی ٹی ملازمین کا اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی ریلی و مظاہرہ ۔احتجاجی ریلی شہید چوک سے شروع ہوئی اور پریس کلب میں جلسہ عام کی شکل اختیار کر گئی۔ احتجاجی ریلی میں آئی ٹی ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ملازمین نے احتجاجی بینرز، پینافلیکس اورپلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔

احتجاجی جلسہ سے راجہ خورشید ایڈووکیٹ صدر بار کوٹلی، تبارک سیّد ایڈووکیٹ، یعقوب مغل صدر ٹیچر ز آرگنائزیشن، قیصر نصیب صدر آئی ٹی ایسوسی ایشن ضلع کوٹلی، سیّد یاسر شاہ جنرل سیکرٹری آئی ٹی ایسوسی ایشن ضلع کوٹلی، چڑھوئی سے آصف اقبال ، محمد حبیب،نکیال سے سیّد رفاقت شاہ، سہنسہ سے نعمان قریشی، کھوئیرٹہ شبیر احمد گورسی و دیگرنے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہاکہ وزیراعظم اپنے وعدے کے مطابق کمپیوٹر اساتذہ کی مستقلی کے احکامات جاری کریں ۔آئی ٹی ملازمین کو مستقل نہ کرنا ستم ظریفی اورحکومتی بے حسی کی انتہاہے ۔حکومت پنجاب نے اپنے تمام آئی ٹی ملازمین کو کنٹریکٹ کے دورانیہ کے اندر مستقل کر دیا جبکہ حکومت آزادکشمیر نے چپ سادھ رکھی ہے۔ 8سال سے ایڈہاک تعینا ت آئی ٹی ملازمین کو تاحال مستقل نہ کرنا ملازمین کے ساتھ دشمنی کے مترادف ہے۔

مقررین نے کہاکہ آئی ٹی ملازمین میں زیادہ تر اساتذہ ایم فل اور پی ایچ ڈی ہیں اور 8سالوں سے بچوں کو کمپیوٹر کی تعلیم دے ر ہے ہیں اور 100%نتائج دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کے تعلیمی انقلاب کے اعلانات محض ڈرامہ نکلے۔ متاثرہ ملازمین نے کہاکہ حکومت اس معاملے میں بالکل سنجیدہ نظرنہیں آرہی ۔ اگر حکومت نے آئی ٹی ملازمین کومستقل نہ کیا تو اسلام آباد کشمیرہاؤس کے سامنے دھرنا دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :