مجید اور فاروق حیدر نے مک مکا کررکھا ہے، دونوں پی ٹی آئی کی بڑھتی مقبولیت سے خوفزدہ ہوکر میرے خلاف گندی زبان استعمال کررہے ہیں،بیرسٹر سلطان محمود

ہفتہ 20 جون 2015 16:28

بھمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 جون۔2015ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیرکے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مجید اور فاروق حیدر نے مک مکا کررکھا ہے۔ دونوں آج کل پی ٹی آئی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خوفزدہ ہوکر میرے خلاف گندی زبان استعمال کررہے ہیں۔ جس کا جواب دینا بھی میں گوارا نہیں کرتا۔

فاروق حیدر موجودہ حکومتی کرپشن میں نہ صرف ملوث ہے بلکہ پورا پورا حصہ دار ہے۔ مجید کو سب سے بڑا جھوٹا، مکار کہنے والے فاروق حیدر نے میرپور کے ضمنی الیکشن میں اپنا امیدوار مجید کے حق میں بٹھا کر ثابت کیا تھا کہ وہ مجید کی کرپشن اور لوٹ گھسوٹ میں برابر کا حصہ دار ہے۔ میں نے اللہ کے فضل سے میرپور کے ضمنی الیکشن میں مجید اور فاروق حیدر کی منافقانہ سیاست کا حشر نشر کیا تھا۔

(جاری ہے)

اب آنے والے انتخابات میں پورے آزادکشمیر کے اندر مجید، فاروق سیاست کو عبرتناک شکست دوں گا۔ راجہ فاروق حیدر اور اُس کے ساتھی تحریک عدم اعتماد میں مجھے حلف دے کر بعد میں حلف سے منکر ہوگئے۔ فاروق حیدر کے بارے میں اتنا ہی کہوں گا کہ وچوں وچوں کھائی جا باہروں باہروں رولا پائی جا“ پاکستان میں اگلے دنوں میں کڑا انصاف ہونے جا رہا ہے۔

مجید اور اُس کی کرپشن کے سانجھے دار اپنی خیر منائیں۔ بھمبر میں مجید اور فاروق حیدر کے ٹاؤٹوں کو عوامی طاقت سے شکست فاش دیں گے۔ بھمبر کی تینوں سیٹوں پر پی ٹی آئی کلین سویپ کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے اعزاز میں بھمبر کے مقام پر جلسہ نما افطار ڈنر سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ کی صدارت عبدالرؤف کاشر نے کی۔

جبکہ جلسہ سے سابق امیدواراسمبلی چودھری رزاق،سابق ایڈمنسٹریٹر بھمبر چودھری ریاض اور حاجی عبداللہ نے اس موقع پر خطاب کیا۔ بیرسٹرسلطان محمود چودھری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ چودھری مجید نے یونائیٹڈ کنسٹرکشن کمپنی سے 27کروڑ کمیشن لینا تھا لیکن میرے انکشافات کی وجہ سے اب وہ کمیشن نہیں لے پائیں گے۔ ریاستی ملازمین کا میں انتہائی ادب کرتا ہوں۔

وہ خود کو مجید کی کرپشن سے دور رکھیں۔ جناح ماڈل کرپشن سکینڈل میں کسی سیاستدان کو سزا نہیں ہوئی تھی لیکن چودھری الیاس اور خالد سلطان جیسے ملازم قربانی کا بکرا بن گئے تھے۔ آج بھمبر کی غیور عوام نے جس ذوق، جوش اور ولولے سے میرا استقبال کیا ہے اس سے لگتا ہے کہ بھمبر کے اندر عمران خان کے ویژن کو زبردست پذیرائی مل رہی ہے۔ عمران کے ویژن کی روشنی پوری ریاست کے اندر پھیل رہی ہے۔ کارکنان خود کو میدان عمل میں اُتار لیں۔ انتخابی معرکہ اب شروع ہونے جارہا ہے۔ہم نے فرسودہ نظام کو ختم کرکے تحریک انصاف کے نظریات و افکار کی روشنی میں آزادکشمیر کے اندر حقیقی معنوں میں ایک فلاحی اور جمہوری حکومت قائم کرنی ہے تاکہ لوگوں کو عدل و انصاف مل سکے اور اُن کے مسائل حل ہو سکیں۔

متعلقہ عنوان :