کشمیریوں کو بدترین بھارتی ریاستی دہشت گردی کا سامنا ہے، جموں و کشمیر پیپلز موومنٹ

ہفتہ 20 جون 2015 18:26

جموں۔ 20 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 جون۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر پیپلز موومنٹ نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو بدترین بھارتی ریاستی دہشت گردی کا سامنا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق حریت رہنما اور جموں وکشمیر پیپلز موومنٹ کے چیئرمین میر شاہد سلیم نے جموں میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت اور اسکی کٹھ پتلی حکومت نے سوپور چلو مارچ کو ناکام بنانے کے لیے اوچھے ہتھکنڈوں کا استعمال کیا اور حریت قیادت کو نظر بند کر دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حریت رہنماؤں اور عام لوگوں کی نقل و حریت پر پابندی لگا کر ہزاروں لوگوں کو ماہ رمضان کے پہلے جمعہ کو نماز سے بھی محروم کر دیا گیا۔ میر شاہد سلیم نے کہا کہ کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ مفتی سعید نے نہتے کشمیریوں پر مظالم کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر مظالم اورمقبوضہ علاقے پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو دوام بخشنے میں مفتی سعید برابر کے شریک ہیں اور وہ انتہا پسند بھارتی ہندو تنظیموں کے فرقہ وارانہ ایجنڈے کو مقبوضہ علاقے میں آگے بڑھا رہے ہیں۔