آئندہ سال گرین کیب سکیم، مظفر آباد، میرپور میں میٹرو بس، محکمہ ٹرانسپورٹ کی کمپوٹرائزیشن کے منصوبے شروع کئے جائینگے، محمد طاہر کھوکھر

منگل 23 جون 2015 16:28

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 جون۔2015ء) ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر ‘ وزیرٹرانسپورٹ و کوآپریٹو محمد طاہرکھوکھر نے بجٹ بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ آئندہ مالی سال کے دوران گرین کیب سکیم ‘ مظفرآباد اور میرپور میں میٹرو بس ‘ محکمہ ٹرانسپورٹ کی کمپیوٹرائزیشن کے منصوبہ جات شروع کئے جائیں گے جبکہ 20 سالہ پرانی گاڑیوں کے بطورپبلک ٹرانسپورٹ استعمال پر پابند ی ہو گی-ا نہوں نے وفاقی حکومت سے منگلا ڈیم کی رائیلٹی‘این ایف سی ایوارڈ میں حصہ‘ ٹیکسزاور زرمبادلہ میں شیئر‘ ہائیڈرل پراجیکٹس اور کشمیر پراپرٹی کی آمدن حکومت آزادکشمیرکو دینے کامطالبہ بھی کیا- بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے طاہرکھوکھرنے انتہائی نامساعد اور مشکل حالات میں متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کرنے پروزیراعظم اور وزیرخزانہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں اس سے بہتر بجٹ بنانا ممکن نہیں تھا- طاہرکھو کھر نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں متحدہ کا کارکن ہونے پر فخر ہے اور وہ قائدتحریک کی ہدایت اور رہنمائی میں خدمت کا ایجنڈا لے کر آزادکشمیر آئے ہیں- یہی ان کی قیادت کی تربیت اور ہدایت ہے جس کی بدولت وہ آج تین درجن ملازمین پرمشتمل محکمہ ٹرانسپورٹ کوعوامی خدمت پر گامزن کرنے میں کامیاب ہوئے انہوں نے محکمہ کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا آزادکشمیر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ جنرل ایکسڈنٹ انشورنس کانفاذ کیاگیا جس کے بعد گزشتہ مالی سال کے دوران مختلف ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والے 250 افراد کے ورثاء میں 3لاکھ روپے فی کس کے حساب سے 6 کرو ڑروپے سے زائد معاوضہ جات تقسیم کئے جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی انہوں نے کہا کہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا- انہوں نے کہا کہ ماضی میں شعبہ ٹرانسپورٹ سے وابستہ 40 ہزارافراد کی فلاح و بہبود کیلئے کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا پہلی مرتبہ آزادکشمیر میں ٹرانسپورٹ ورکرزویلفیئر فاؤنڈیشن کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے جس کے بعد ٹرانسپورٹ کے شعبہ سے وابستہ افراد کو مفت لائف ‘ ہیلتھ انشورنش ‘ رہائشی اور دیگر سہولیات حاصل ہوں گی - انہو ں نے کہا کہ عوام کو معیاری ‘ محفوظ اور سستی سفری سہولیات فراہم کرنا حکومت کا مشن ہے جس کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں - ٹریفک پولیس کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق جدید آلات اور تربیت سے لیس کیاگیا ہے یہی وجہ ہے کہ نہ صرف حادثات میں کمی ہوئی ہے بلکہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد میں بتدریج بہتری پیدا ہورہی ہے اور بلا تخصیص ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کروایا جارہا ہے ‘ سیاسی مداخلت ختم کروا دی گئی ہے یہی وجہ سے ماضی میں جرمانوں کی مد میں ایک کروڑ سے بھی کم آمدن ہوتی تھی جو بڑھ کر 10 کروڑ کے قریب پہنچ چکی ہے جس کی وجہ امیر غریب کی تفریق ختم کرتے ہوئے بلاتخصیص کارروائی ہے- طاہرکھوکھر نے کہا کہ آزادکشمیر کے ٹرانسپورٹ اڈوں کو مثالی بنانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور آئندہ سال مظفرآباد ‘ میرپور اور راولاکوٹ میں تین ماڈل ٹرانسپورٹ اڈے قائم کئے جائیں گے جہاں مسافروں کو عالمی معیار کے مطابق سہولیات میسر ہوں گی جس سے خطہ میں سیاحت کو بھی فروغ حاصل ہو گا-محکمہ کوآپریٹو کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 29 کروڑ روپے کے قرضے معاف کرنے کے باعث کوآپریٹو بنک دیوالیہ ہوا ان کی بھرپو کوششوں کے باوجود بیوروکریسی تعاون نہیں کر رہی اورگزشتہ بجٹ میں بنک کی بحالی کیلئے 4 کروڑروپے منظور ہوئے لیکن بیوروکریسی کے بنائی ہوئی کمٹیوں کے باعث یہ رقم بنک کے مفاد میں استعمال نہیں ہوسکی انہوں نے وزیرخزانہ سے مطالبہ کیا کہ کوآپریٹو بنک کیلئے منظور شدہ گرانٹ فراہم کی جائے - طاہرکھوکھر نے متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر وزیراعظم اور وزیرخزانہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ یہ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کی قائدانہ صلاحیتیوں کے باعث ہی ممکن ہوا کہ موجودہ دور میں تین میڈیکل کالجز‘ پانچ یونیورسٹیاں‘ سینکڑوں کلو میٹر سڑکیں‘ ہیلتھ اور ایجوکیشن پیکج اور عوامی فلاح و بہبود کے درجنوں منصوبوں مکمل کئے گئے آج حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرنے کی قریب ہے انہوں نے کہاکہ حکومت عوام سے کئے جانے والے تمام وعدے پورے کریگی -

متعلقہ عنوان :