لبریشن فرنٹ کی کشمیری نظر بندوں کی رہائی کیلئے جاری دستخطی مہم کو طاقت کے بل پر روکنے کی مذمت

عالمی برادری غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار کا نوٹس لیکر ان کی رہائی کیلئے کردار ادا کرے،نور محمد کلوال

جمعرات 25 جون 2015 17:55

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 جون۔2015ء) جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ نے غیر قانونی طور پر نظر بند سینئر حریت رہنماء مسرت عالم بٹ کی رہائی کیلئے ضلع بڈگام اور پلوامہ میں مسلم دینی محاذ کی دستخطی مہم کو طاقت کے بل پر روکنے کے کٹھ پتلی انتظامیہ کے اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنمانورمحمدکلوال نے جاری بیان میں کہا کہ مسرت عالم بٹ اور غیر قانونی طور پر نظر بند دیگر سینکڑوں کشمیریوں کی رہائی کے لیے مسلم دینی محاذ کی مہم کچھ عرصہ قبل سرینگر میں ایک ہفتے تک جاری رہی تھی جس دوران ہزاروں لوگوں نے اس مقصد کے لیے آویزان بینر پر دستخط کیے تھے۔

نور محمد کلوال نے کہا کہ یہ مہم انتہائی پْرامن رہی تھی لیکن کٹھ پتلی انتظامیہ نے اسکے باوجودبڈگام اور پلوامہ میں اس مہم کو جبراً روکا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے بے گناہ کشمیریوں پر مظالم کی انتہاء کر دی ہے اور راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ اور دیگر ہندو انتہا پسند تنظیموں کی ہدایت پر اس نے غیر قانونی طور پر نظر بندکشمیریوں کے حوالے سے اپنی پالیسی انتہائی سخت کر لی ہے۔

نور محمد کلوال نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار کا نوٹس لیتے ہوئے انکی رہائی کے لیے کردار ادا کرے۔ دریں اثنا نور محمد کلوال نے ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے جموں خطے میں مسلمانوں کی خلاف بڑھتے ہوئے مظالم پر سخت تشویش ظاہر کی ہے ۔انہوں نے بھارتی فوج کی سرپرستی میں قائم ویلیج ڈیفنس کمیٹیوں کے ارکان کی طرف سے کشتواڑ میں مسلمانوں کی زمین پر قبضے اور ان میں مندر بنانے کی کوششوں کی شدید مذ مت کی ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے خلاف چیرہ دستیوں کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو اسکے خطر ناک نتائج نکلیں گے۔