ٹنگڈارفوجی کارروائی میں تباہ ہونیوالے مکانوں کے رہائشی خاندان کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور

جمعرات 25 جون 2015 17:55

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 جون۔2015ء)مقبوضہ کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے علاقے ٹنگڈارمیں حال ہی میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران بھارتی فوجیوں کی طرف سے تباہ کئے گئے پانچ مکانوں کے رہائشی خاندان کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔

(جاری ہے)

اطلاعات کے مطابق فوجیوں نے گزشتہ مہینے کی 31تاریخ کو کرناہ تحصیل کے گاؤں بکھایاں میں تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران چار کشمیری نوجوانوں کو شہیداور مارٹر گولوں سے شکور احمد شیح ، حنیف احمد شیح ، ملکاں بیگم ، منیر احمد شیح اور جمیلہ بیگم کے مکانون کو تباہ کر دیاتھا ۔

پانچوں خاندان گزشتہ 25دن سے اپنے نقصان کے ازالے کیلئے در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں ۔ تاہم کسی بھی سطح پر انکی کوئی شنوائی نہیں ہو رہی ہے ۔منیر احمد شیح نے صحافیوں کو بتایا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ اور بھارتی فوج فوجی کارروائیوں کے دوران تباہ ہونے والے مکانوں کے مالکان کو معاوضے کی ادائیگی کا دعویٰ کر رہی ہیں تاہم ابھی تک ٹنگڈار کے متاثرہ پانچوں خاندانوں اس سے محروم ہیں اور کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ گذشتہ 25دنوں سے اپنے رشتہ داروں کے گھر میں رہ رہے ہیں ۔