حریت رہنماؤں کی نظر بندی اور گرفتاری قابض انتظامیہ کی بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے‘گیلانی فورم

کٹھ پتلی وزیراعلی مفتی سعید نے فرقہ پرست ہندو طاقتوں کے آگے پوری طرح سے گھٹنے ٹیک دیئے ہیںک

اتوار 28 جون 2015 13:35

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 جون۔2015ء)مقبوضہ کشمیر میں بزرگ حریت رہنما سیّد علی گیلانی کی سرپرستی میں قائم فورم نے سیّد علی گیلانی، محمد اشرف صحرائی، ایاز اکبر، راجہ معراج الدین کلوال کو گھروں میں جبکہ حریت رہنما حکیم عبدالرشید کو لعل بازار تھانے میں نظر بند رکھنے کی کٹھ پتلی انتظامیہ کے اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔ فورم کے ترجمان نے سرینگرمیں جاری بیان میں کہا کہ حریت رہنماؤں کی نظر بندی اور گرفتاری قابض انتظامیہ کی بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی وزیراعلی مفتی سعید نے فرقہ پرست ہندو طاقتوں کے آگے پوری طرح سے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں اورمقبوضہ کشمیر میں بے گناہ نوجوانوں کا قتل ، حریت رہنماؤں کی گرفتاری، گھروں پر چھاپے روز کا معمول بنا لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ریاستی دہشت گردی سے اب مقبوضہ علاقے کی مساجد اور تعلیمی ادارے میں محفوظ نہیں رہے۔ ترجمان نے کہا کہ جبر و استبداد کے بڑھتی ہوئی کارروائیوں کے انتہائی خطرناک نتائج نکلیں گے۔ ترجمان نے کہا کہ کشمیریوں کے پاس بھارتی جبر و استبداد کیخلاف ایک منظم تحریک چلانے کے سوا اب کوئی چارہ کار نہیں ہے۔