پیپلز پارٹی کی موجودہ حکومت کاٹھ کی ہنڈیا کی مانند ہے جو باربار چولہے نہیں چڑھ سکتی ، بیرسٹر افتخار علی گیلانی

ہفتہ 4 جولائی 2015 15:07

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء)مسلم لیگ ن کے رکن قانون ساز اسمبلی آزادکشمیر بیرسٹر افتخار علی گیلانی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی موجودہ حکومت کاٹھ کی ہنڈیا کی مانند ہے جو باربار چولہے نہیں چڑھ سکتی مفادات کی جنگ لڑنے والے اس وقت جوتیوں میں دال بانٹ رہے ہیں تبدیلی کا وقت آن پہنچا ہے جگ ہنسائی کے خوف سے بے نیاز مفاداتی حکومت کے چرچے دنیا دیکھے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ رو زصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے وزراء مفادات پورے نہ ہونے پر آپس میں لڑ جھگڑ رہے ہیں حکمران مفادات کی خاطر ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے میں مصروف ہیں خطہ کے عوام کا مستقبل تباہ کرنے کی اجازت حکمرانوں کو نہیں دینگے اپنے اپنے مفادات کو حاصل کرنے کیلئے وزراء کھینچا تانی میں مصروف ہیں خطہ کے حکمرانوں کو عوامی مشکلات سے کوئی سروکار نہیں ہے عوام کی خوشحالی کے بلند بانگ دعوے کرنیوالے عملاً کوئی کام نہیں کر رہے خطہ میں گورننس کی صورتحال انتہائی خراب ہو چکی ہے مسلم لیگ ن کی قیادت نے حکمرانوں کو جو موقع دیا اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی وفاقی حکومت کشمیریوں کی بھرپور انداز میں ترجمانی کر رہی ہے وزیراعظم پاکستان نے کشمیریوں سے محبت کا عملی ثبوت دیاہے پاکستان میں مسلم لیگ ن کی حکومت آزادکشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود اور انہیں حقوق دلانے کیلئے بھرپور کردار ادا کریگی آزادکشمیر ن لیگ کی قیادت وفاقی حکومت کو آزادکشمیر کے عوامی مسائل بارے آگاہ کرنے کے ساتھ ان میں کمی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے آزادکشمیر کے موجودہ حکمرانوں کی نا اہلی کے باعث عوام نے بے پناہ مشکلات کا سامنا کیا ہے عوام کے مسائل میں کمی لانے کے بجائے حکمران اپنی کرسی پکی کرنے کے چکر میں رہے۔