ایمنسٹی انٹرنیشنل رپورٹ میں بھارتی مظالم کی انتہاکا چہرہ دنیاکے سامنے بے نقاب ہوگیاہے،چوہدری عبدالمجید

ہفتہ 4 جولائی 2015 16:52

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء)وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرچوہدری عبدالمجید نے کہاہے کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل رپورٹ میں بھارتی مظالم کی انتہاکا چہرہ پوری دنیاکے سامنے بے نقاب ہوگیاہے۔ بین الاقوامی برادری اور بالخصوص اقوام متحدہ کشمیریوں پربھارتی بربریت کانوٹس لیتے ہوئے عملی اقدامات کرے تاکہ گذشتہ68 سالوں سے بھارتی چکی میں پسنے والے کشمیری مسلمہ بنیادی حقوق حاصل کرسکیں۔

بھارتی فورسز رسوائے زمانہ قوانین کے لیے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ حریت کوسرد نہیں کرسکتے۔اقوام عالم مقبوضہ کشمیرپربھارتی جابرانہ اور غاصبانہ تسلط سے آزادی دلانے کے لیے اپناموثررول ادا کرے۔ کشمیری قوم نے اپنے حق خودارادیت کے لیے جولاکھوں جانوں کی قربانیاں دی ہیں ان کا لہوجلد رنگ لائے گااور ریاست جموں وکشمیرکے عوام بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزادی حاصل کرسکیں گے۔

(جاری ہے)

تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت مقبوضہ کشمیرکے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور حق خودارادیت کے حصول تک چٹان کی طرح ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ ان خیالات کا اظہارانھوں نے وزیراعظم ہاؤس میں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی کے کارکنان بھی موجود تھے۔وزیراعظم نے کہاکہ بھارت بین الاقوامی دہشت گرد ملک ہے جس نے ریاستی دہشت گردی کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یرغمال بنارکھاہے اور مقبوضہ کشمیرکو ملٹری کیمپ میں تبدیل کررکھاہے اور بھارتی پیراملٹری فورسز کشمیریوں کا قتل عام کررہی ہیں۔

وزیراعظم نے کہاکہ آزادی پسند دنیابھارت کو ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں کے قتل عام سے باز رکھے۔ بھارت جتنے بھی ظلم کرے گاتحریک آزادی کشمیراتنی ہی ابھرے گی۔ پیپلزپارٹی کی تحریک آزادی کشمیرکے لیے نظریاتی وابستگی ہے۔ شہیدذوالفقارعلی بھٹونے کشمیر کی آزادی کے لیے ہزار سال جنگ لڑنے کا عہد کیاتھا آج پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے بھی کشمیرکی آزادی کے لیے جومضبوط موقف اختیارکیاہے وہ ان کی کشمیریوں سے والہانہ محبت اورلازوال کمٹمنٹ کا مظہرہے۔

انھوں نے کہاکہ چیئرمین بلاو ل بھٹوزرداری کی مسئلہ کشمیر پر جرات مندانہ موقف سے دونوں اطراف کے کشمیریوں کے نہ صرف حوصلے بلند ہوئے ہیں بلکہ تحریک آزادی کشمیرکو نئی جلاملی ہے۔ انھوں نے کہاکہ پوری کشمیری قوم چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی جرات مندانہ قیادت پرانھیں سلام پیش کرتی ہے۔