اہلیان میرپور کے مسائل کے حل کیلئے میونسپل کارپوریشن ہر ممکن کوششیں کررہی ہے، ایڈمنسٹریٹر خواجہ ساجد پہلوان

پیر 6 جولائی 2015 16:20

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) ایڈمنسٹریٹرمیونسپل کارپوریشن خواجہ ساجدمحمود پہلوان نے کہاکہ وزیراعظم آزادکشمیر کی ہدایت پر اہلیان میرپورکے مسائل کے حل کے لیے میونسپل کارپوریشن ہرممکن کوششیں کررہی ہے ۔ میرپورشہرکوخوبصورت اور صاف ستھرا شہر بنائیں گے اور عوامی توقعات کے مطابق جملہ مسائل حل کررہے ہیں اور لوگ بھی تبدیلی محسوس کررہے ہیں۔

پیپلزپارٹی کی قیادت نے جمہوریت اور پاکستان کے استحکام وترقی کے لیے جانیں قربان کر دیں لیکن اصولوں پرسمجھوتہ نہیں کیا۔ پیپلزپارٹی اپنے قائدین کی قربانیوں پرانھیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کرتی ہے کہ پیپلزپارٹی کے ویژن اورمنشورپرسوفیصد عمل کرنے کے لیے پارٹی کارکن کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

اہلیان میرپور بالخصوص متاثرین منگلاڈیم کے لیے سوئی گیس کی فراہمی، اضافی کنبہ جات سمیت دیگرمسائل موجودہ پیپلز پارٹی کی حکومت حل کرے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز بلدیہ میرپور کی طرف سے وزیراعظم کے اعزاز کے دئیے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ایڈمنسٹریٹر خواجہ ساجد پہلوان نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے جمہوریت اور عوام کے حقوق کے لیے جوقربانیاں دی ہیں اس کے صدقے آج پاکستان میں جمہوریت قائم ہے۔ انھوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی قیادت نے ہمیشہ پاکستان اور پاکستان کے عوام کے مفادات کوترجیح دی اسی وجہ سے سامراجی طاقتوں نے پیپلزپارٹی کی لیڈرشپ کونشانہ بنایا۔

انھوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی غریبوں کی جماعت ہے اور غریب لوگوں کی فلاح وبہبود پیپلزپارٹی کا منشورہے۔ ہم عوامی خدمت کے ایجنڈے کی تکمیل کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ میرپور شہر کی تعمیر وترقی ترجیح بنیادوں پر بلاتخصیص جاری رہے گی۔ جولوگ پروپیگنڈہ کرتے ہیں وہ شہر کی تعمیر وترقی کے دشمن ہیں۔انھوں نے کہا کہ مجھے پارٹی کی مرکزی قیادت اور وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔ اور ان کی ہدایت کے مطابق شہر کی تعمیر وترقی بلاتخصیص جاری رکھے ہوئے ہیں۔