قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان کااجلاس ، میگا پراجیکٹس کے سکیورٹی انتظامات ناکافی قرار

آزاد کشمیر‘ گلگت بلتستان میں وفاقی پی ایس ڈی پی سے شروع کئے گئے میگا پراجیکٹس کی سکیورٹی یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں‘ ان منصوبوں کے لئے مختص کئے گئے ترقیاتی فنڈز میں سے ایک فیصد منصوبوں کی سکیورٹی ایشوز پر خرچ کئے جائیں‘ نیلم جہلم اور دیامر بھاشا ڈیم پر جاری کام کی سکیورٹی یقینی بنانے کے لئے دونوں جگہوں پر 1500 اضافی سکیورٹی اہلکار تعینات کئے جائیں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان کی وفاقی حکومت کو ہدایت

منگل 7 جولائی 2015 17:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جولائی۔2015ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان نے وفاقی حکومت کو ہدایت کی ہے کہ آزاد کشمیر‘ گلگت بلتستان میں وفاقی پی ایس ڈی پی سے شروع کئے گئے میگا پراجیکٹس کی سکیورٹی یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں‘ ان منصوبوں کے لئے مختص کئے گئے ترقیاتی فنڈز میں سے ایک فیصد منصوبوں کی سکیورٹی ایشوز پر خرچ کئے جائیں‘ نیلم جہلم اور دیامر بھاشا ڈیم پر جاری کام کی سکیورٹی یقینی بنانے کے لئے دونوں جگہوں پر 1500 اضافی سکیورٹی اہلکار تعینات کئے جائیں اجلاس میں چیف سیکرٹری آزاد کشمیر اور چیف سیکرٹری جی بی نے میگا پراجیکٹس کے سکیورٹی انتظامات کو ناکافی قرار دیا۔

(جاری ہے)

منگل کو کشمیر کمیٹی کا اجلاس یہاں پارلینمٹ ہاؤس میں کمیٹی کے چیئرمین ملک ابرار کی زیر صدارت منعقد ہوا اجلاس میں میجر (ر) طاہر اقبال‘ خلیل جارج‘ چوہدری عابد رضا‘ میاں امتیاز احمد‘ شمس النساء‘خیراکبر‘ مولوی آغا محمد اور ناصر اقبال بوسال نے بھی شرکت کی اجلاس میں گلگت بلتستان میں سکیورٹی اور امن و امان کی صورت حال پر سیکرٹری کشمیر افیئرز اینڈ جی بی نے بریفنگ دی اور خطے میں میگا پراجیکٹس کے لئے سکیورٹی بڑھانے کا مطالبہ کیا چیف سیکرٹری آزاد کشمیر نے بھی آزاد کشمیر میں سکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے وفاقی حکومت سے مدد کا مطالبہ کیا گلگت بلتستان کے حکام نے میگا پراجیکٹس کے لئے سکیورٹی اہلکاروں کی تعداد میں پندرہ سو کے اضافہ کا مطالبہ کیا تاکہ دیامر بھاشا ڈیم کے تعمیراتی کام کی سکیورٹی کو فول پروف بنایا جاسکے کمیٹی نے آزاد کشمیر اور جی بی کے حکام کو یقین دلایا کہ وہ یہ معاملہ وفاقی حکومت کے ساتھ اٹھائیں گے