مسلم ایکشن کمیٹی جموں کی مسلمانوں کیخلاف فرقہ پرست ہندوؤں کی بڑھتی سرگرمیوں پر اظہار تشویش

باغ جوگیاں بشناہ کے متنازعہ قبرستان میں دنگل کا انعقاد کر کے مسلمانوں کے جذبات کیساتھ کھلواڑ کیا گیا جو افسوسناک ہے،محمد شریف سرتاج

جمعرات 9 جولائی 2015 19:03

جموں (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 جولائی۔2015ء)مسلم ایکشن کمیٹی جموں نے فرقہ پرست ہندوؤں کی طرف سے مسلمانوں کیخلاف بڑھتی ہوئی معاندانہ سرگرمیوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ مسلم ایکشن کمیٹی جموں نے ایک اجلاس میں باغ جوگیاں بشناہ جموں کے قبرستان میں عدلیہ کے حکم کے باوجود ڈی آئی جی جموں اشکور وانی کی طرف سے زبردستی دنگل کرانے کی کارروائی کی شدید مذمت کی ۔

کمیٹی کے صدر محمد شریف سرتاج کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں کہا گیا کہ باغ جوگیاں بشناہ کے متنازعہ قبرستان میں دنگل کا انعقاد کر کے مسلمانوں کے جذبات کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا ہے جو انتہائی افسوس ناک ہے۔ اجلاس کے شرکا ء نے کہا کہ فرقہ پرست کٹھ پتلی انتظامیہ نے مسلمانوں کودھوکھے میں رکھا کہ متنازعہ قبرستان میں دنگل نہیں ہوگا اور دنگل نہ کرانے کی باقاعدہ یقین دہانی کے بعد مسلمانوں نے اپنااحتجاجی مارچ ملتوی کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کہا گیا کہ مسلمانوں کو دھوکے میں رکھا گیا جو انتہائی افسوس نا ک ہے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ اگر قبرستان کی بے حرمتی کرنے والے افراد کے خلاف فوری کاروائی نہ کی گئی تو مسلمانوں سڑکوں پر آنے کیلئے مجبور ہونگے۔ اجلاس سے محمد شریف سرتاج کے علاوہ جماعت اسلامی جموں کے امیر مولانا غلام نبی فرید آبادی، آئمہ مساجد کے صدر مولانا قاری طارق حسین ،مولاناسیدعلی بادشاہ نقوی،مولانا حافظ عبدالرحمٰنں،مولانا سیدمظہر حسین قادری ، مولانا ریاض احمد ،مولانا محمد جمیل پیرقادر شاہ، مولانامحمد اقبال ،مولانا رشید احمد خان ، جسارت احمد خان ، ہلال احمد بیگ، حاجی مشتاق احمد میر ، شیخ ظہوراحمد،محمدایوب پال ،حاجی دین محمد اورچوہدری اﷲ دیتہ نے خطاب کیا۔