سردارعبدالقیوم خان نے ہر شعبہ زندگی میں قائدانہ تاریخی خدمات سر انجام دیں‘کے ڈی چوہدری

آزادکشمیر میں انگریزی کی بجائے اردو کو دفتری و سرکاری زبان بنانے کا سہرا سردار عبدالقیوم کے سر ہے

اتوار 12 جولائی 2015 12:30

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جولائی۔2015ء)آزادکشمیر کی ممتاز و روحانی تنظیم میاں محمد بخش سوسائٹی نے مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان کی وفات کو قومی المیہ قرار دیتے ہوئے مرحوم کی اسلامی سیاسی اور قومی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔سوسائٹی کا اجلاس کے ڈی چوہدری کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں چیئرمین بابو محمد صدیق ،صاحبزادہ چوہدری عبدالرحمن پلیر شریف ،چوہدری کرامت علی ،الحاج محمد رمضان ،حاجی عبدالخالق طاہر ،اشرف چوہان ،راجہ حفیظ الرحمن ،حاکم دین صابری ،جاوید چوہدری ،راجہ مظہر اقبال اور دیگر ممبران نے شرکت کی ۔

تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کے ڈی چوہدری نے کہا کہ مرزائیوں کو کافر قرار دینے کے سلسلہ میں پہلی آواز آزادکشمیر سے بلند ہوئی اور سردار محمد عبدالقیوم خان کے دور حکومت میں انہیں کافر قرار دیا گیا آزادکشمیر میں انگریزی کی بجائے اردو کو دفتری و سرکاری زبان بنانے کا سہرا سردار عبدالقیوم کے سر ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہر شعبہ زندگی میں قائدانہ تاریخی خدمات سر انجام دیں آزاد خطہ میں سرکاری اداروں و محکموں کا قیام اور سول سروس کو باوقار بنانے میں مرحوم لیڈر کا بنیادی کردار تھا وہ سیاست و روحانیت میں ایک اکیڈیمی کی حیثیت رکھتے تھے ۔

انہوں نے سیاسی راہنماؤں و کارکنوں کی اصلاح و تربیت کے لیے درس و تدریس جاری رکھا ۔بابو محمد صدیق چوہدری نے اپنی تقریر میں کہا کہ سردار محمد عبدالقیوم خان ریاست جموں وکشمیر کی صف اول کی قیادت کی آخری نشانی تھے ہمارے اسلاف میں سردار محمد ابراہیم خان ،کے ایچ خورشید ،چوہدری نور حسین ،عبدالخالق انصاری ،تاریخی اہمیت کی حامل قومی شخصیات تھیں ۔اجلاس میں سردار عبدالقیوم خان کی مغفرت اور پسماندگان سے اظہار ہمدردی کے لیے خصوصی دعا کی گئی ۔