مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان کشمیری مسلمانوں کی آزادی کے ضامن تھے‘ساجد یونس بھٹی

مقبوضہ کشمیر کے لوگ بھی ان کو اپنا قائد تسلیم کرتے تھے مجاہد اول کی طرح کی شخصیات صدیوں بعد پید اہوتی ہیں

اتوار 12 جولائی 2015 12:31

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جولائی۔2015ء) میرپور انجمن آڑھتیاں کے صدر اور پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما ساجد یونس بھٹی نے کہا ہے مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان کشمیری مسلمانوں کی آزادی کے ضامن تھے ان کی وفات کے بعد ریاست کے مسلمان ایک مسلمہ سیاسی لیڈر سے محروم ہو چکے ہیں مجاہد اول نے ساری زندگی اصولوں پر سیاست کی اور عوام کے مسائل کو حل کیا یہی وجہ ہے کہ مجاہد اول کا نہ صرف آزاد ریاست کے لوگ دل سے احترام کرتے تھے بلکہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ بھی ان کو اپنا قائد تسلیم کرتے تھے مجاہد اول کی طرح کی شخصیات صدیوں بعد پید اہوتی ہیں ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا مدتوں پُر نہیں ہو گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان کی وفات پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

ساجد یونس بھٹی نے کہا کہ مجاہد اول ریاستی تشخص کے علامت تھے اور اپنے شخصیت کے اندر ایک یونیورسٹی کا درجہ رکھتے تھے آپ کے ہاتھوں آزادکشمیر کے بہت سارے سیاستدانوں کی سیاسی تربیت ہوئی یہی وجہ ہے کہ مجاہد اول کی موجودگی میں ریاستی تشخص مجروع ہوا اور نہ ہی خطہ کے اندر برادری ازم کی لعنت پروان چڑی یہی وجہ ہے کہ مجاہدا ول نے ہمیشہ تمام برادریوں کے اندر محبت ،رواداری اور بھائی چارے کا ماحول پیدا کیا جس کے نتیجے میں مجاہد اول کا لوگ دل سے احترام کرتے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کی تعمیر و ترقی کے ساتھ ساتھ مجاہد اول نے تحریک آزادی کشمیر کی تکمیل کے لیے جو تاریخی کردار ادا کیا کشمیری قوم تا قیامت اسے فراموش نہیں کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ مجاہد اول کی وفات کی خبر سن کر جہاں پورے آزادکشمیر کی فضاء افسردہ ہو گئی اسی طرح افسردہ فضاء کو مقبوضہ کشمیر کے اندر بھی محسوس کیا گیا اور مقبوضہ کشمیر کے عوام نے مجاہد اول کی وفات پر دلی دکھ کا اظہار کیا ۔