مجاہد اوّل سردار عبدالقیوم خان کے نظریات و افکار ہمارے لئے مشعل راہ ہیں‘ملک محمد نواز خان

منگل 14 جولائی 2015 14:21

کوٹلی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 جولائی۔2015ء) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے مرکزی سینئر نائب صدر و سینئر پارلیمنٹرین ملک محمد نواز خان نے کہاہے کہ مجاہد اوّل سردار عبدالقیوم خان کے نظریات و افکار ہمارے لئے مشعل راہ ہیں ۔ آخری ملاقات میں انھوں نے ہمیں وصیت کی کہ پاکستان اور پاکستان کی افواج سے مضبوط رشتہ رکھیں ،غرباء و مساکین کا خیال رکھیں اور آزادی کشمیر کا مشن جاری رکھیں ۔

ان کی وفات قومی نقصان ہے ۔ عید کے بعد تعزیتی ریفرنس منعقد کریں ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنی رہائشگاہ پر جمع شدہ افراد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ مسلم کانفرنس کے سپریم ہیڈ سردار عبدالقیوم خان کے جنازے اور کفن دفن کے بعد گھر واپسی پر کوٹلی کے سینکڑوں افراد ملک نواز کے گھر تعزیت کے لئے جا پہنچے ۔

(جاری ہے)

مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے ملک محمد نواز خان سے سردار عبدالقیوم خان کی وفات پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ملک محمد نواز خان نے بتایا کہ وفات سے قبل سردار عبدالقیوم خان سے اُن کی آخری ملاقات ہوئی ۔ سردار عبدالقیوم خان نے وصیت کی کہ غرباء اور مساکین کا ہمیشہ خیال رکھیں ۔ کشمیر کی آزادی اوربقا پاکستان کی وجہ سے ہے ۔ پاکستان کے کسی سیاستدان کی وجہ سے کشمیر کا پاکستان سے رشتہ کمزور نہیں ہو نا چاہیے ۔ افواج پاکستان کبھی کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گی ۔

افواج پاکستان سے تعلق مضبوط رکھیں ۔ نیز تحریک آزادی کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے جو رہنمائی دی ہے اس پر عمل پیرا رہیں ۔ سردار عبدالقیوم خان نے مجھے کہا کہ میری ان چار باتوں کو بطور وصیت یاد رکھنا اور عمل کر نا ۔ ملک نواز خان نے مزید کہا کہ سردار عبدالقیوم خان کی وفات مسلم کانفرنس نہیں بلکہ قوم کا نقصان ہے ۔ دنیا کے بیس ملکوں میں غائبانہ جنازے ہوئے ۔

ایک جنازہ اسلام آباد اور پانچ جنازے دھیر کوٹ میں ہوئے ۔ جنازے کے اجتماعات میں مجموعی شرکت لاکھوں میں ہے ۔ اس ثابت ہوتا ہے کہ سردار عبدالقیوم خان پوری کشمیر ی قوم کے عظیم لیڈر تھے ۔ رمضان کا بابرکت مہینہ اور جمعہ کا دن انھیں نصیب ہوئے ۔ جسطرح پاکستان و آزاد کشمیر بھر کی فوجی و عسکری قیادت ، عوام اور سیاسی کارکنوں نے تعزیت کی ۔ اور میڈیا نے جس انداز میں مجاہد اوّل کے کردار کو اجاگر کیا اس پر سب کے ممنون ہیں ۔