سید علی گیلانی کا عیدالفطر سے قبل تمام سیاسی نظر بند وں کی رہائی کا مطالبہ

بدھ 15 جولائی 2015 20:01

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جولائی۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے عیدالفطر سے قبل تمام سیاسی نظر بندوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور کشمیری اپنے پیدائشی حق ، حق خودارادیت کے لیے قربانیاں دے رے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ تھانوں ، جیلوں اور تفتیشی مراکز میں بند کشمیری سیاسی نظر بندوں کا درجہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے ہر ملک میں عید اور اس طرح کے دیگر تہواروں پر قیدیوں کو رہا کیا جاتا ہے لیکن مقبوضہ کشمیرمیں عید کے دن بھی نوجوانوں کو گرفتار کر کے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ انہوں نے تہاڑ جیل میں نظربند ڈاکٹر غلام محمد بٹ، طارق احمد ڈار، محمد رفیق شاہ، جاوید فاضلی اور دیگر کی مقبوضہ وادی میں منتقلی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی نظر بندی کو جان بوجھ کو طول دیا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

بزرگ رہنما نے ایمنسٹی انٹرنیشنل اورانسانی حقوق کے دیگر اداروں سے اپیل کی کہ وہ کشمیری نظربندوں کی حالت زار کا نوٹس لیں اور مسرت عالم بٹ، شکیل احمد یتو، میر حفیظ الله، عبدالله ناصر، زبیر احمد تُرے، فیاض احمد لون اور عمر قید کاٹ رہے ڈاکٹر محمد قاسم، غلام قادر بٹ، ڈاکٹر شفیع شریعتی، محمد امین ڈار، محمد اسحاق پال، محمد سعید بٹ، مظفر احمد وانی اور فیروز احمد ان کی رہائی کے لیے اپناا ثرورسوخ کو استعمال کریں۔

دریں اثناء سید علی گیلانی نے بھارتی پولیس کی طرف سے سرینگر میں ڈیموکریٹک پولٹیکل موومنٹ کے پر امن مظاہرے پر وحشیانہ تشدد اور ر چیئرمین فردوس احمد شاہ اور جنرل سیکرٹری ایڈوکیٹ محمد شفیع ریشی کے علاوہ پارٹی کے دیگر رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں اظہار رائے کی آزادی کا حق بالکل سلب کر لیا گیا ہے ۔ انہوں نے بھارتی فوج کے ہاتھوں تارزو سوپور کے رہائشی لطیف احمد بٹ کی گرفتاری اور ایک آزادی پسند نوجوان وسیم احمد بٹ کے گھر پر توڑ پھوڑ اور لوٹ مار کی بھی شدید مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ لطیف کو تفتیشی مرکز میں شدید تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔