موجودہ حکومت لوگوں کا معیار زندگی بلند کرنے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے،سردار محمد یعقوب

منگل 21 جولائی 2015 17:06

راولاکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 جولائی۔2015ء)آزاد جموں وکشمیرکے صدر سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ آزادجموں وکشمیر کی موجودہ حکومت لوگوں کا معیار زندگی بلند کرنے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تمام شعبوں میں انقلابی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ لوگوں کو جدید تعلیم سے روشناس کروانے کے لیے متعدد یونیورسٹیوں اور تین میڈیکل کالجز کا قیام عمل میں لایا گیا۔

ملکی ترقی میں تعلیم بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ وہ راولاکوٹ کے قریبی گاؤں پوٹھی میں سردار محمد نوید خان اور سردار محمد عزیز خان کی طرف سے دیے گئے ناشتہ میں شرکت کے موقع پر ایک عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر ضلعی آفیسران ، معززین علاقہ اور پیپلزپارٹی کے سرکردہ رہنماؤں کی ایک بڑی تعدادموجود تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے اپنے چار سالہ عرصہ کے دوران تعمیر و ترقی کے بے پناہ کام کیے جس کاتمام تر کریڈٹ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید کو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر شعبہ زندگی میں بہتری لانے کے لیے جدوجہد جاری ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ اس حکومت نے گذشتہ 60سالوں سے زیادہ کارکردگی دکھائی۔ اس حکومت نے آزاد خطہ کو ایک مثالی خطہ بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے ہیں۔ جو قابل تعریف ہیں۔ صدر آزادکشمیر نے ترقیاتی محکموں کے سربراہان سے کہا کہ وہ دیانتداری کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ قومی دولت کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے فنڈز کا بروقت استعمال کرتے ہوئے زیر تعمیر منصوبے مکمل کریں۔ اس سے قبل جب صدر آزادکشمیر پوٹھی کے مقام پر پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا ۔ عوام کی ایک بڑی تعداد نے انفرادی اور اجتماعی طور پر صدر سے ملاقات کی اور انہیں عید کی مبارکباد دی۔