شدید بارشوں نے بڑے پیمانے پر انت مچا رکھی ہے‘ حکومت فی الفور سدباب کرے‘چوہدری احسن منظور

بدھ 22 جولائی 2015 15:25

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 جولائی۔2015ء)پاکستان مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے جوائنٹ سیکرٹری چوہدری احسن منظور نے کہا ہے کہ شدید بارشوں نے بڑے پیمانے پر انت مچا رکھی ہے‘ حکومت فی الفور سدباب کرے۔ دارالحکومت مظفرآباد کے عوام کو حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا‘حکومت کی 4سالہ کارکردگی صفر ہے‘ بلند و بانگ دعوؤں کے بجائے عوامی مشکلات میں کمی لائی جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایک عوامی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے دومیل سیداں کا دورہ بھی کیا اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہونیوالی سڑک اور رہائشی مکانات جو منہدم ہو چکے کا معائنہ کیا اور لینڈ سلائیڈنگ کی تباہی کا ذمہ دار موجودہ حکومت اور ایم سی ڈی پی کو قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 8اکتوبر 2005کے ہولناک زلزلہ میں تباہ ہو جانیوالی سڑک کی تعمیر سمیت حفاظتی دیوار کا نہ لگنا باعث افسوس ہے۔

انہوں نے کہا کہ بروقت حفاظتی دیوار لگ جاتی تو سڑک سمیت مکانات متاثر نہ ہوتے۔ کروڑوں روپے عیاشیوں میں خرچ ہوسکتے ہیں مگر عوامی مسائل حل کرنے کیلئے فنڈز دستیاب نہ ہونا لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ فی الفور دومیل سیداں لنک روڈ سمیت یہاں حفاظتی دیوار کی تعمیر کا فوری بندوبست کیا جائے تاکہ مزید نقصانات سے بچا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور حکومت آزادکشمیر سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ حفاظتی دیوار سمیت یہاں کے عوام کو سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے دریا پر پُل تعمیر کروائے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ بھی قابل افسوس ہے کہ پُل کے اعلانات ہوئے مگر عملدرآمد نہیں ہوا۔ اگر یہی کارکردگی ہے تو عوام کو ایسی کارکردگی نہیں چاہیے عوام چاہتے ہیں کہ ان کے مسائل کا خاتمہ ممکن ہوسکے 4سالوں میں حکومت آزادکشمیر نے عوام کیلئے کیا کیا ہے وہ عوام بہتر جانتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وقت ضائع کیئے بغیر عوامی مسائل حل کیئے جائیں اور فرائض سے غفلت نہ برتی جائے۔ الیکشن میں جو عوام سے وعدے کیئے ہوتے ہیں انہیں پورا کیا جائے اور حلف لیتے وقت جو عہد کرتے ہیں اُسے وفا کیا جائے بصورت دیگر دنیا اور آخرت دونوں میں رسوائی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔