حکومت کی ناقص حکمت عملی کے باعث نہ صرف حلقہ لچھراٹ بلکہ پورے آزادکشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے‘راجہ امداد علی طارق

بدھ 22 جولائی 2015 15:25

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 جولائی۔2015ء)پاکستان مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے رہنما راجہ امداد علی طارق نے کہا ہے کہ حکومت کی ناقص حکمت عملی کے باعث نہ صرف حلقہ لچھراٹ بلکہ پورے آزادکشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے۔ سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کررہی ہیں‘ تعمیروترقی کے دعویدار دومیل سیداں لنک روڈ تعمیر نہیں کروا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ راجہ امداد علی طارق نے کہا کہ حلقہ لچھراٹ میں کئی جگہوں پر لینڈ سلائیڈنگ سے عوام علاقہ کا زمینی راستہ منقطع ہو کر رہ گیا ہے۔ لوگوں کو سفر میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ مریضوں کو ہسپتال لانے کیلئے دشوار گزار راستوں سمیت آج بھی چارپائیوں کے ذریعہ ہسپتال پہنچایا جاتا ہے جو موجودہ حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

(جاری ہے)

حلقہ لچھراٹ کی پسماندگی کے خاتمہ کیلئے مسلم لیگ ن کا اقتدار میں آنا ناگزیر ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مون سون بارشوں سے بچاؤ کیلئے فی الفور جامع حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔ حکومت جھوٹے لاروں اور فرضی بیانات سے عوام کو بیوقوف نہ بنائے ۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ لچھراٹ کی پسماندگی کا خاتمہ میرا مشن ہے ۔ جس علاقہ کو اللہ پاک نے نعمتوں سے مالا مال کررکھا ہو اسے پسماندہ رکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حلقہ لچھراٹ میں بے شمار سیاحتی مقامات ہیں مگر سڑکیں نہ ہونے کی وجہ سے سیاح یہاں کا رخ نہیں کرتے جو موجودہ حکومت کی ناقص کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ یہاں کی عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ بجلی ’ صحت و تعلیم نہ ہونے کے برابر ہیں۔ حکومت بلند و بانگ دعوؤں سے باز آئے اور فی الفور عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آمدہ انتخابات کے اندر عوام کرپٹ عناصر کو ووٹ کی پرچی سے مسترد کر کے اپنا مستقبل محفوظ بنائیں تاکہ عوامی مسائل کا حل اور ریاست کے اندر سے بیروزگاری کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔