کُرسی کُرسی کے کھیل نے عوام کو پریشانیوں میں مبتلا کررکھا ہے‘شیخ سراج منیر

بدھ 22 جولائی 2015 15:31

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 جولائی۔2015ء)مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے رہنما شیخ سراج منیر نے کہا ہے کہ مون سون بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا رکھی ہے‘ ندی نالوں میں طغیانی کے باعث قریبی آبادی کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بلدیاتی ادارے فوٹو سیشن تک محدود ہیں ‘ زرداری ہاؤس کے مالشیوں کو خوش کرنے کیلئے نت نئے طریقہ اپنا رہے ہیں ۔

کُرسی کُرسی کے کھیل نے عوام کو پریشانیوں میں مبتلا کررکھا ہے۔ کرپٹ حکومت سے نجات کا وقت قریب آن پہنچاہے ۔ آمدہ انتخابات کے اندر عوام مسلم لیگ ن کو کامیاب بنا کر خوشحالی کے دورکا آغاز کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شیخ سراج منیر کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی 4سالہ کارکردگی نے عوام کو اندھیروں میں دھکیل دیا ہے‘ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ‘ شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی عدم فراہمی سمیت تجارتی مراکز کے اندر گندگی کے ڈھیر‘ کھنڈر نما سڑکوں اور سیوریج کی نکاسی جیسے اہم مسائل کی طرف توجہ نہ دے کر حکومت نے عوام کو اذیت میں مبتلا کررکھا ہے۔

(جاری ہے)

دارالحکومت مظفرآباد کے عوام شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں۔ عوام اب کرپٹ حکومت سے نجات چاہتے ہیں۔ الیکشن کا بگل بجنے والا ہے۔ انشاء اللہ آنیوالا دور مسلم لیگ ن کا ہے ‘ قائد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی قیادت میں جلد مسلم لیگ ن کی حکومت قائم ہوگی اور عوامی مسائل حل ہونگے۔