مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں اقوام عالم کیلئے لمحہ فکریہ ہیں‘شیخ اظہر

بدھ 22 جولائی 2015 15:31

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 جولائی۔2015ء)سابق ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شیخ اظہر نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں اقوام عالم کیلئے لمحہ فکریہ ہیں۔ بھارت طاقت کے نشے میں مست ہو کر کشمیریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے‘ نہتے مظلوم کشمیری بھارتی مظالم کیخلاف سراپا احتجاج ہیں اور عالمی برادری سے مطالبہ کررہے ہیں کہ وہ بھارتی بربریت کا نوٹس لیتے ہوئے مقبوضہ وادی سے بھارتی افواج کے انخلاء کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے آفس چیمبر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کیلئے تنازع کشمیر کا حل ناگزیر ہو چکا ہے۔ کشمیری بھارتی ظلم و بربریت کے باوجود اپنے پیدائشی حق کیلئے سراپا احتجاج ہیں ‘ مقبوضہ وادی کے اندر بھارتی سنگینیوں کے باوجود کشمیریوں نے پاکستانی پرچم لہرا کر یہ ثابت کردیا ہے کہ ظلم کی سیاہ رات کشمیریوں کی پاکستان سے بے لوث محبت کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔

(جاری ہے)

کشمیری الحاق پاکستان کے داعی ہیں اور پاکستان کو ہی اپنی منزل سمجھتے ہیں‘ انہوں نے کہا کہ نہتے مظلوم کشمیری عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بھارتی بربریت کا نوٹس لے اور اقوام متحدہ کشمیریوں کے حق میں پاس کردہ قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے تاکہ خطہ میں پائیدار امن کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے۔ انہوں نے اس موقع شہید قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو اور شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں بھرپور کردار ادا کیا اور شہید قائد عوام نے کشمیر کی آزادی کیلئے ایک ہزار سال تک جنگ لڑنے کے عزم کا جو اعلان کیا تھاوہ ہمارے لیئے مشعل راہ ہے۔

پیپلزپارٹی کے کارکنان شہداء کے مشن کی تکمیل کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔