مظفر آباد میں انٹیلی جنس بیورو کے اہلکار اے ایس آئی لیاقت گیلانی پراسرار طور پر جاں بحق

بدھ 22 جولائی 2015 16:25

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 جولائی۔2015ء) آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں انٹیلی جنس بیورو کے اہلکار اے ایس آئی لیاقت گیلانی پراسرار طور پر جاں بحق ہو گئے ہیں ۔ ڈی آئی جی کی سربراہی میں واقعے کی تحقیقات کے لئے کمیٹی قائم کر دی ہے جبکہ ڈی جی آئی بی بھی مظفر آباد پہنچ گئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق انٹیلی جنس بیورو کے اے ایس آئی لیاقت گیلانی آئی بی بیورو آفس مظفر آباد میں ڈیوٹی پر تھے کہ گولیاں لگنے سے جاں بحق ہو گئے ۔

(جاری ہے)

آئی بی آفس کا موقف ہے کہ لیاقت گیلانی اپنی گن صاف کر رہے تھے کہ گولیاں چل گئیں جس سے وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے پولیس کے مطابق متوفی کو تین سے چار گولیاں لگی ہیں ۔ لاش پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہے لیاقت گیلانی کے ورثاء نے تھانہ سو ل سیکرٹریٹ میں قتل کا مقدمہ درج کرایا گیا ہے ادھر ڈی آئی جی طاہر قریشی کی سربراہی میں قائم کمٹی نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔ یاد رہے کہ اس واقعے میں جاں بحق ہونے والے اے ایس آئی لیاقت گیلانی کے بھائی نصیب گیلانی جو آئی بی میں انسپکٹر تھے تقریباً پانچ ماہ قبل 21 فروری 2015 کو اچانک لاپتہ ہو گئے تھے اور اب تک ان کا کوئی پتہ نہیں چل سکا ہے ۔