مون سون اور شدید بارشوں کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ کا فوری سدباب کیاجائے‘سینئر وزیر کی ضلعی انتظامیہ کو ہدایت

جمعرات 23 جولائی 2015 14:50

کوٹلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 جولائی۔2015ء)آزادکشمیر کے قائمقام وزیر اعظم چوہدری محمدیٰسین نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحا ل کے پیش نظر متاثرین کومحفوظ بنانے کے لیے تمام تر ممکنہ حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔مون سون اور شدید بارشوں کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ کا فوری سدباب کیاجائے تاکہ عوام کو سفری سہولیات میں مشکلات پیش نہ آئیں۔

تمام محکمے 24گھنٹے ہائی الرٹ رہیں تاکہ کوٹلی ناگہانی واقعہ رونما نہ ہوسکے۔ پی پی پی حکومت بلا امتیاز عوامی مسائل حل کررہی ہے۔ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید عالمی سطح کے مدبر ، فکر انگیز اورمستقبل پرگہری نظر رکھنے والے سیاستدان تھے جنہوں نے پاکستان کے مظلوم طبقات کو شعور عطا کیا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارانہوں نے پی ڈبلیو ڈی ریسٹ ہاؤس کوٹلی میں عوامی و پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ پی پی پی اور بھٹوخاندان وفاق کی علامت ہے۔ چےئرمین بلاول بھٹو نئی نسل، نئے پاکستان کے قائد ہیں وہ جمہوریت کی پہچان ہیں۔ نڈر، بے خطر اور بے خوف چےئرمین بلاول بھٹو جھکنے اور بکنے والے نہیں۔ انہوں نے کہاکہ پی پی پی کے جیالے اپنے عظیم شہید قائدین کے فلسفہ و نظریہ بھٹو ازم کو چےئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں ہمیشہ جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہاکہ پی پی پی اور بھٹو خاندان پاکستان و کشمیریوں کے دل میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کوہدایت کی کہ مون سون کی شدید بارشوں کے باعث عوام کے نقصانات کا درست ریکارڈ تیار کیاجائے۔لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہونے والی سڑکوں کی رکاوٹوں کو فوری دور کیاجائے ۔تمام ضلعی سربراہان چوبیس گھنٹے ہائی الرٹ رہیں۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر میں زلزلہ ہو یا سیلاب پاکستانی قیادت اور عوام نے ہمیشہ کشمیریوں کا بھرپور ساتھ جسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔