آزاد کشمیر میں آئی ٹی کے اساتذہ کا مطالبات منظور نہ ہونے پر احتجاجی مظاہرے کا اعلان

جمعرات 23 جولائی 2015 14:50

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 جولائی۔2015ء) آئی ٹی ایسوسی ایشن آزادکشمیر کا اجلاس آئی ٹی ہاوس میرپور میں منعقد ہوا جس میں یہ متفقہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ 24جولائی بروز جمعہ کو آئی ٹی اساتذہ وملازمین کے مطالبات منظور نہ ہونے کی وجہ سے تمام اساتذہ وزیرتعلیم میاں وحید کی میرپور آمد پر بھرپور احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔ کیوں کہ حسب وعدہ وزیراعظم آزادکشمیر اساتذہ کی مستقلی کے لیے ابھی تک کوئی عملی اقدامات نہیں کیے گئے ہیں جبکہ وزیراعظم آزادکشمیر نے اساتذہ کے وفد سے وعدہ کیا تھا کہ وہ ضمنی انتخاب میرپور کے فوراً بعد اعلی سطح کا اجلاس طلب کریں گے اور آئی ٹی اساتذہ کو مستقل کرنے کے لیے احکامات صادر فرمائیں گے لیکن ابھی تک معاملہ جوں کا توں پڑا ہے اور کوئی عملی اقدامات نہیں ہوئے ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ وزیر موصوف میاں وحید نے بھی کئی بار یقین دہانی کرائی کہ آپ کو مستقل کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔لیکن وہ صرف طفل تسلیوں تک محد ود ہیں لہذا اب تنگ آکر اساتذہ نے احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے جس میں آزادکشمیر بھر سے تمام اساتذہ شرکت کریں گے ان خیالات کا اظہار اساتذہ کے نمائندہ وفد جس میں صدر محسن یوسف، نائب صدر ناصر بجاڑ،سینئر نائب صدر نعیم عارف بٹ، سیکرٹری جنرل شعیب اعظم اور دیگر شامل تھے نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ اگر ہمارے مطالبات منظور نہ ہوئے تو کشمیر ہاوس کے سامنے دھرنا دیں گے۔