Live Updates

دھرنا ڈراما تھا ‘ پوری قوم کا وقت اور پیسہ ضائع ہو ا‘ عمران خان جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کے بعد قوم سے معافی مانگیں، قوم اب عمران ‘نواز اور زرداری کے جال اور فراڈ میں نہ آئیں‘ نیا پاکستان کا نعرہ لگانے والے عمران کرپٹ، قبضہ مافیا اور چور لٹیروں کو اپنی پارٹی میں شامل کر رہے ہیں‘ جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ درست نہیں تھا ، انتخابات میں کوئی دھاندلی نہیں ہوئی

آزادرکن قومی اسمبلی جمشید دستی کا پریس کانفرنس سے خطاب

جمعہ 24 جولائی 2015 23:01

دھرنا ڈراما تھا ‘ پوری قوم کا وقت اور پیسہ ضائع ہو ا‘ عمران خان جوڈیشل ..

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 جولائی۔2015ء) آزادرکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے کہا ہے کہ عمران خان کا دھرنا فراڈ اور ڈراما تھا جس سے پوری قوم کا وقت اور پیسہ ضائع ہو ا۔ عمران خان کو جوڈیشل کمیشن کے فیصلہ کے بعد قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔ قوم اب عمران ،نواز اور زرداری کے جال میں اور فراڈ میں نہ آئیں، نیا پاکستان کا نعرہ لگانے والے عمران خان کرپٹ، قبضہ مافیا اور چور لٹیروں کو اپنی پارٹی میں شامل کر رہے ہیں۔

ہم نے عمران خان کو دھرنے کے دوران قریب ترین اتحادی ہونے کے باوجود کہا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ درست نہیں، انتخابات میں کوئی دھاندلی نہیں ہوئی۔ حافظ آباد میں سیاسی سماجی شخصیت چوہدری ندیم قیصر سندھو کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جمشید دستی نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے فیصلہ کے بعد اب حکمران کھل کر ڈرامے بازیاں اور کرپشن کریں گے کیونکہ اب انہیں کوئی بھی پوچھنے والا ہو گا اور اس تمام تر کرپشن اور بد عنوانیوں کا ذمہ دار عمران خان ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس ملک میں کوئی جتنابھی بڑا کرپٹ، بدعنوان ہو وہ اتنا ہی بڑا لیڈر سمجھا جاتا ہے۔ ہم غریب عوام کے ووٹوں سے اقتدار میں آئے ہیں اور آخر دم تک اس عوام کے مسائل کی نشاندہی اور ان کے مفادات کا تحفظ کرتے رہیں گے۔جمشید دستی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے بعد وہ شادی کروا لیں گے۔ عمران خان ، نواز شریف اور آصف علی زرداری میں اب کوئی فرق نہیں ۔

عمران خان کے پی کے ، شریف برداران پنجاب اور آصف علی زرداری سندھ میں لوٹ مار کر رہے ہیں۔ لاہور اور راولپنڈی میں میٹروبس پراجیکٹ پر اربوں روپے خرچ کئے گئے لیکن حکمرانوں کو سیلاب متاثرین کا کوئی خیال نہیں آیا۔ ایک سال گزرنے کے بعد بھی پنجاب کے لوگ سیلاب کی نذر ہو رہے ہیں۔ غریب عوام سیلاب میں مر رہے ہیں لیکن حکمران وہاں آ کر پکنک منانے اور تصویریں بنوانے کے سوا کچھ نہیں کر رہے۔

حکمرانوں میں اتنی جرأت نہیں کہ وہ سیلاب متاثرین کا سامنا کر سکیں۔ صرف انہیں بند کمروں میں بریفننگ تک ہی محدود کر دیا گیا ہے اور ان کے دوروں پر کروڑوں روپے خرچ ہو رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امریکہ انڈیا اور اسرائیل کے ایجنڈہ کے تحت بعض سیاستدان فوج کے خلاف باتیں کر رہے ہیں ۔ فوج ہماری ملک کی ہے اور ملک و قوم کی محافظ ہے اس کے خلاف باتیں کرنے والے کسی صورت بھی نا فوج اور نہ ہی ملک و قوم کے مخلص ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور بد امنی سب کے سامنے ہے۔ صوبائی حکومت صوبہ بھر میں امن و امان قائم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ ان حالات میں موجودہ گورنر کو ہٹا کر وہاں گورنر راج نافذ کیا جائے۔ ایک اور سوال کے جواب میں جمشید دستی نے کہا کہ ملک ریاض بہت بڑا فراڈ اور قبضہ مافیا کا سرغنہ ہے۔ نواز لیگ کی حکومت کمزور ترین حکومت ہے جس میں نہ بجلی ہے نہ گیس ہے۔ لاکھوں نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لئے روز گا رکے لئے مارے مارے پھر رہے ہیں ۔ ہم عوام میں شعور بیدار کر رہے ہیں کہ وہ ایسے مفاد پرست حکمرانوں سے باز رہیں اور محب وطن لوگوں کو آگے لا کر اپنا اور ملک کا مستقبل روشن کریں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات