گیلانی فورم کی سدبھاوناکے نام پر فوجیوں کی تعلیمی اداروں میں مداخلت کی مذمت

بدھ 29 جولائی 2015 21:28

سرینگر ۔ 29 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جولائی۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں بزرگ حریت رہنماء سید علی گیلانی کی سرپرستی میں قائم فورم نے بانڈی پورہ میں بھارتی فوج کی طرف سے ’سدبھاونا‘ کے نام پر ضلع کے تعلیمی اداروں میں مداخلت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ اس طرح کی غیر تدریسی سرگرمیوں سے بچوں کے تعلیمی مستقبل پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں اور فوجیوں کی بار بارتعلیمی اداروں میں آمدورفت سے ان کی نفسیات بھی متاثر ہورہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں اسکولوں کے تدریسی عملے کی اعانت پر بھی افسوس ظاہر کیا ۔ ترجمان نے کہاکہ جموں وکشمیرمیں تعینات فوجیوں کو بھارتی تہذیبی جارحیت کے منصوبے میں ایک اہم ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ فوج زندگی کے ہر شعبے میں غیرضروری طور مداخلت کررہی ہے، ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت زیر تعلیم طلباء وطالبات کی اخلاقیات کو متاثر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔